لاہور (سپورٹس رپورٹر)پاکستان کے دورے پر آئی جنوبی افریقی سکواڈ میں شامل 27 کھلاڑیوں اور عملے کے 11 افراد کے کرونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔ مہمان ٹیم نے اتوار کی صبح کراچی جم خانہ میں پریکٹس کا آغاز کردیا ، 26 جنوری سے شروع ہونیوالے پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے مہمان سائیڈ نے پریکٹس کا آغاز ہلکی پھلکی ورزشوں سے کیا، دوران پریکٹس کھلاڑی خوشگوار موڈ میں نظر آئے،ٹیم ہوٹل میں قرنطینہ کے دوران مسلسل 6 روز تک کراچی جیم خانہ گراؤنڈ پریکٹس کریگی۔ آج صبح 10 بجے شروع ہونے والی پریکٹس کے بعد سہ پہر دو بجے افریقی ٹیم کے کپتان کونٹن ڈی کوک ورچل پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔ بدھ کو ٹیم منیجر کی میڈیا کانفرنس ہوگی۔ جمعرات اور جمعے کو مہمان ٹیم انٹر اسکواڈ میچز کھیلے گی۔ دوسرے ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے پر جنوبی افریقہ کی ٹیم ہفتہ اور اتوار کو نیشنل سٹیڈیم میں پریکٹس کریگی۔ قومی کرکٹ ٹیم جمعرات سے نیشنل سٹیڈیم میں دوپہر 1 بجے ٹریننگ کا آغاز کریگی، اگلے دو روز روزانہ صبح 10 بجے اوراتوار کو ٹریننگ سیشن کا انعقاد دوپہر 1 بجے ہوگا، ہرسیشن کے اختتام پر سکواڈ میں شامل ایک رکن ورچوئل پریس کانفرنس میں شرکت کریگا، پیر کو صبح 10 بجے ٹریننگ سیشن ہوگا، کپتان بابراعظم ورچوئل پریس کانفرنس کرینگے،26 تا30 جنوری شیڈول پہلے ٹیسٹ کا ٹاس ابتدائی روزصبح ساڑھے 9 بجے ہوگا۔