راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے)دربارِ عالیہ عیدگاہ شریف کے سجادہ نشین و عالم اسلام کے ممتاز مذہبی و روحانی پیشوا پیر محمدحسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ سارے کا سارا قرآنِ کریم حضور نبی کریم ؐ کی تعریف و توصیف سے بھرا پڑا ہے۔ امتِ مسلمہ اپنا بگڑا مقدر سنوارنے کے لئے صاحبِ قرآنِ کریم ؐ کے دامانِ رحمت سے مضبوطی سے وابستہ ہو جائے۔ اہلِ بیتِ اطہار و اصحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعٰین، تابعین، تبع تابعین ، اولیائ، اتقیاء و صلحائے امت نے ہر دور اور ہر زمانے میں امتِ مسلمہ کا تعلق دربارِ رسالت مآب ؐ سے مضبوط سے مضبوط تر کیا اور مخلوقِ خدا کے دلوں پہ نقش کیا کہ غلامیِ مصطفی ؐ ہی ربِ رحمان کے قرب تک پہنچانے کے لئے واحد اور سب سے مضبوط ذریعہ و وسیلہ ہے۔ ہر دور کے مسلمانوں کی مساجد، مدارس اور خانقاہیں مخلوقِ خدا کو اس کے کریم نبی رحمت ؐ کی احادیثِ مبارکہ و سنتِ مبارکہ سے روشناس کروانے، سکھانے، یاد کروانے کا عظیم ترین کارِ خیر سرانجام دے رہے ہیں اور علمِ دین کے فروغ اور تبلیغ کے مراکز ہیں جہاںسے مخلوقِ خدا کاتزکیہ کر کے ان کی زندگیاں عشقِ مصطفوی ؐ کے نور سے منور کی جاتی ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیلیانوالہ کے مقام پر منعقدہ ایک نہایت عظیم الشان محفلِ میلادِ مصطفی ؐ سے خطاب کے دوران کیا ۔