براہ راست ہفتہ وار پروگرام ’’وائس چانسلرز کے ساتھ لائیو‘‘کی شروعات

 اسلام آباد (نا مہ نگار) انٹرمیڈیٹ بورڈ کی کمیٹی آف چیئرمین(آئی بی سی سی)اور ملک میں یو نیو رسٹیوں کے سب سے بڑے نیٹ ورک انٹر یو نیو رسٹیز کنسورشیم پاکستان کی جانب سے انٹر کے طلبا کو جامعات سے روشناس کروانے، کیرئیر کاونسلنگ، شعبہ جات کے متعلق آگاہی اور سکالرشپ کے موا قع کے متعلق رہنمائی فراہم کرنے کیلئے مشترکہ طور پر فیس بک سے براہ راست ہفتہ وار پروگرام ’’وائس چانسلرز کے ساتھ لائیو‘‘کی شروعات کردی گئی جس میں پہلے مہمان وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی آف بہاولپور ا نجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب تھے۔براہ راست سیشن میں سیکریٹری انٹربورڈ کمیٹی آف  چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر غلام علی ملاح اور نیشنل کوآرڈنیٹر انٹر یونیورسٹی کنسورشیم محمد مرتضی نور بھی موجود تھے جبکہ طلبہ کے براہ راست سوالات شبیر حسین نے لئے ۔سیشن میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر اطہر محبوب نے بتایا کہ اسلامیہ یونیورسٹی میں طلبہ کی سماجی، ذہنی اور تعلیمی نشونما کے لئے مختلف شعبہ جات قائم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جامعہ کے داخلہ جات برائے بہار 2021 کھل چکے ہیں اور وہ علاقے بھر کے طلبہ و طالبات کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے دور دراز  طلبہ کو یونیورسٹی تک لانے اور آسانی کے لیئے پہلی بار احمد پور شرقیہ، یزمان اور دیگر مقامات پر خصوصی بسیں چلادی ہیں ۔طلبہ کی ہم نصابی سرگرمیوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے سب سے پہلے آکر یہاں طلبہ سوسائٹیز کے قیام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر منصوبے بنائے اور اب یہاں 19 طلبہ سوسائٹیز کام کررہی ہیں جو اپنے فن میں ماہر طلبہ و طالبات کو ہم نصابی سرگرمیوں کا حصہ بناتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ طلبہ سوسائٹیز کے انتظامات کے لیے ایک مکمل جامع نظام موجود ہے جو کہ سوسائٹیز کی نگہداشت کرتا یے۔  

ای پیپر دی نیشن