اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پی آئی اے کی کوالالمپور میں روکی گئی پرواز کے مسافر متبادل پروزاوں سے اسلام آباد پہنچ گئے اور وطن واپس پہنچنے پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا۔ 118 مسافر براستہ دبئی ہفتے کی رات غیر ملکی پرواز سے اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچے جبکہ رات ڈھائی بجے کے قریب 65 مسافر براستہ دوحہ اسلام آباد پہنچے اور پی آئی اے انتظامیہ پر برس پڑے۔ کوالالمپور میں پھنسے مسافروں کے اسلام آباد ائیر پورٹ پہنچنے پر میڈیا نمائندوں کو موبائل فوٹیج بنانے سے بھی روک دیا گیا جبکہ مسافروں اور ان کے اہلخانہ سے بات بھی نہیں کرنے دی گئی۔ ائیرپورٹ پر صحافیوں سے بدتمیزی اور موبائل فون چھیننے کی بھی کوشش کی گئی۔ پاکستان پہنچنے والے مسافروں کا کہنا تھا کہ پی آئی اے انتظامیہ نے لیز نہیں بھری اور ہمیں فنی خرابی کی جھوٹی بات بتائی۔ کچھ مسافروں نے کھانا اور رہائش نہ دینے کے الزامات بھی عائد کیے اور بتایا کہ ان کا سامان بھی اب تک کوالالمپور میں پھنسا ہوا ہے۔