اسلام آباد (آئی این پی) سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی دو ملک، ایک قوم ہیں۔ دونوں ممالک کی فقط ثقافت اور ایمان ہی مشترک نہیں ہے بلکہ ان کے مفادات اور چیلینجز بھی ایک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سربراہ پاک فضائیہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان نے ترکی کی ایسوسی ایشن آف جسٹس ڈیفنڈرز اینڈ سٹرٹیجک سٹڈیز (ASSAM) سنٹر کے بورڈ کے اراکین سے خطاب کے دوران کیا۔ ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان قبرص اور دیگر علاقائی معاملات میں ترکی کی مکمل حمایت کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھی اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ سربراہ پاک فضائیہ نے آذربائیجان کے وہ علاقے جو تیس سال سے زائد کا عرصہ گزرنے کے باوجود آرمینیا کے زیرِ تسلط تھے کی آزادی کیلئے ترک حمایت کی تعریف کی۔ جنوبی ایشیا کی علاقائی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ بھارت واضح طور پر پاکستان کی قیام امن کی کوششوں کو مسلسل نظر انداز کرتا رہا ہے اور دہشتگردی کی کارروائیوں کے ذریعے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کے لئے افغانستان میں اپنی پراکسیز کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورت حال اور کشمیریوں کی حالت زار عالمی برادری کے لئے ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔ کیونکہ بدقسمتی سے مالی مفادات کو اخلاقی اقدار پر فوقیت دی جا رہی ہے۔
بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے افغانستان میں پراکسی وار کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے: ائر چیف
Jan 18, 2021