لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کے سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ آج ایک طرف شفاف اور ایماندار قیادت ہے اور دوسری طرف عبرت کی تصویر بنے سابق حکمران۔ بد قسمتی سے پی ڈی ایم نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہوا ہے۔ عوام نے کرپشن کو نہیں بلکہ شفافیت کو ووٹ دے کر منتخب کیا ہے۔ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں اور یہ غیر فطری اتحاد وقت کے ساتھ ختم ہورہا ہے اور ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک بیان میں کہا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔ مایوس اپوزیشن نے ہر قومی مسئلے پر عوام کو مایوس کیا ہے۔ اپوزیشن نے اپنی تمام توانائی صرف زبانی جمع خرچ پر صرف کی۔ 22 کروڑ عوام اپوزیشن عناصر کے دوغلے چہروں سے بخوبی آگاہ ہیں۔ تحریک انصاف کی قیادت عوام کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ ہم کل بھی عوام کے ساتھ تھے، آج بھی ساتھ ہیں، آئندہ بھی ساتھ رہیں گے۔ پی ڈی ایم کی سیاست چمکانے کی کوشش پہلے بھی ناکام رہی اور آئندہ بھی ناکام رہے گی۔ اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ تاریخ کا حصہ بن چکا ہے اور اپوزیشن کی عوام میں رہی سہی ساکھ مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن نے ذاتی مفادات کی خاطر قومی یکجہتی کو تباہ کرنے کی مذموم کوشش کی۔ ذاتی مفادات کی خاطر اکٹھی ہونے والی اپوزیشن نے قومی مفادات کو زک پہنچائی۔ عملی طور پر اپوزیشن کی پوزیشن صفر رہی۔ اپوزیشن واویلا مچاتی رہی اور عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اپوزیشن کی جانب سے ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی گھٹیا سیاست نہیں چلے گی۔ عوام کے سامنے بلند بانگ دعویٰ کرنے والوں کی قلعی کھل چکی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں نے غیر معمولی حالات میں بھی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا ہے۔