اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات شبلی فراز نے پی ڈی ایم کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کے اعلان کو جھتے لا کر قومی ادارے کو دھمکانے کی کوشش قرار دیدیا ہے۔ اسلام آباد میں پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حکومت مخالف تحریک ماضی کا حصہ بن گئی ہے۔ انہوں نے اپنے تمام پتے کھیل لیے لیکن رسوائی کے علاوہ کچھ نہیں ملا۔ اب پی ڈٰی ایم اپنا آخری پتہ کھیلنے جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم کا الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج قومی ادارے پر دباؤ کیلئے ہے۔ مولانا فضل الرحمان کو نیب نوٹس ملا تو کہا پوری پارٹی کیساتھ جاؤں گا۔ یہ لوگ جتھے لا کر اداروں کو دھمکانا چاہتے ہیں۔ فارن فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی نے تفصیلات جمع کرائیں۔ الیکشن کمشن کے باہر احتجاج بھونڈی کوشش ہے۔ فارن فنڈنگ کیس میں ہمیں پھنسانے کی کوشش کرنے والے خود پھنس گئے ہیں اور اب مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کو خود بتانا پڑ گیا ہے انہیں فنڈز کہاں سے ملتے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن کی سیاسی جماعتوں کے بارے میں سب کو علم ہے کہ وہ ایک چھتری تلے کیوں اکٹھے ہیں۔ وجہ یہ ہے کہ انہوں نے اپنی حکومتوں میں قوانین کو پامال کیا۔ پی ڈی ایم کا سفر دھمکیوں پر مبنی تھا مگر انہیں عوام سے پذیرائی نہیں ملی اور اب ایک تھی پی ڈی ایم کے موضوع پر ٹی وی پر پروگرام ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے وہ پارٹیاں حکمران تھیں جنہوں نے ملک کو اپنی جاگیر بنا رکھا تھا۔ اب ایک ایسا لیڈر آیا ہے جو ان سے ملک کے لوٹے ہوئے اثاثوں کا حساب مانگ رہا ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کس منہ سے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کرنے جارہی ہیں؟۔ دونوں کے بارے میں فنڈز کا کیس 4 سال سے الیکشن کمیشن میں چل رہا ہے۔ ان جماعتوں کو بتانا ہے کہ ان کو ملنے والے فنڈز کہاں سے آتے رہے ہیں۔ جبکہ اپوزیشن اس میچ کا کپ لینا چاہتی ہے جو اس نے کھیلا ہی نہیں۔ پیپلز پارٹی والے مارک سیگل کا تو بتائیں، مارک سیگل آصف زرداری کے بھی لابسٹ تھے اور انہیں 60 لاکھ ڈالر دیئے گئے۔ شبلی فراز نے مزید کہا کہ اپوزیشن جماعتیں ایک چھتری تلے جمع ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ سب اکٹھے ہوں گے۔ اپوزیشن نے اپنے اپنے ادوار میں اداروں کو مفلوج کیا۔ سابق حکمرانوں نے اداروں میں اپنے لوگ بٹھائے ہوئے تھے۔ دونوں جماعتوں نے ملک کو اپنی جاگیر بنا رکھا تھا۔ شبلی فراز نے کہا کہ اپوزیشن جتھوں کے پیچھے چھپنے کی بجائے اپنا جواب سکروٹنی کمیٹی میں جمع کرائے۔ پی ڈی ایم کے جلسوں کا نتیجہ صفر ہے۔ پی ڈی ایم نے جو استعفوں کا انبار لگایا تھا وہ کہاں گیا ہے۔ سوال آپ سے پوچھا جارہا ہے آپ کہتے ہیں وہ بھی چور ہے۔علاوہ ازیں شبلی فراز نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پاکستانی مؤقف سچ ثابت ہوا۔ پلوامہ حملہ جھوٹ کے سوا کچھ نہیں۔ فالس فلیگ آپریشن کا منصوبہ مودی کو انتخابی کامیابی دلانے کیلئے بنایا گیا۔ ایک کے بعد ایک بھارتی دھوکہ دہی اور جھوٹ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو رہا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی کی حمایت‘ افواہ سازی اور فالس فلیگ آپریشن اس مہم کا حصہ ہیں۔ بھارتی اینکر کے میسجز بھارتی حکومت‘ انٹیلی جنس ومیڈیا کے گٹھ جوڑ ظاہر کرتے ہیں۔