تازہ شواہد نے بھارت کو مزید بے نقاب کردیا ، عالمی برادری کٹہرے میں لائے: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+آئی این پی) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ تازہ شواہد نے بھارت کو مزید بے نقاب اور پاکستان کے موقف کی تائید کردی۔ بی جے پی حکومت نے فالس فلیگ آپریشن رچایا۔ پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق جھوٹ باندھا۔ بھارت کے اندر قوم پرستی کی آگ کو مزید بھڑکایا۔ نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کرنے کے علاوہ انتخاب جیتنے کی خاطر اپنی قوم کے جذبات کو گمراہ کن رخ پرڈالا۔ امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری  جنوبی ایشیاکے امن وسلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو جاری کردہ بیان میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حالیہ مہینوں میں عالمی برادری کے سامنے بھارت کی ریاستی سرپرستی میں پاکستان کے خلاف دہشت گردی میں ملوث ہونے اور پاکستان مخالف جھوٹی عالمگیر مہم چلانے کے ناقابل تردید شواہد آچکے ہیں۔ ٹی  آر  پی کیس میں ممبئی پولیس کی چارج شیٹ میں بھارتی ری پبلک ٹی وی کے اینکر کے ٹرانسکرپٹس شامل ہیں جس نے بھارت کے مکروہ اور مذموم عزائم مزید بے نقاب کردئیے اور پاکستان کے دیرینہ موقف کی تائید وتصدیق کردی ہے۔ تازہ انکشافات سے ثابت ہوگیا کہ پاکستان اب تک جن امور کی مسلسل نشاندہی کرتا آ رہا ہے، وہ تمام حقائق درست ہیں۔ بی جے پی حکومت نے فالس فلیگ آپریشن رچایا، پاکستان پر دہشت گردی سے متعلق جھوٹ باندھا، بھارت کے اندر قوم پرستی کی آگ کو مزید بھڑکایا، نام نہاد سرجیکل سٹرائیک کے دعوے کرنے کے علاوہ انتخاب جیتنے کی خاطر اپنی قوم کے جذبات کو گمراہ کن رخ پر ڈالا۔  یہ طرز عمل بلاشبہ آر ایس ایس، بی جے پی حکومت کے انتخابی اندازوں کے مطابق دہرایا گیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ  ہم نے ابتدا سے ہی پاکستان کے خلاف بھارتی گمراہ کن بے بنیاد اور زہریلے بھارتی پراپگنڈے کو مسترد کیا اور یہ حقائق اجاگر کئے کہ فروری 2019 میں پلوامہ حملے کا سب سے بڑا فائدہ بی جے پی حکومت کو ہوا ہے کیونکہ اس نے لوک سبھا میں واضح نشستیں جیت لیں۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارتی اشتعال انگیزیوں کے باوجود سچائی اور حقائق کی روشنی میں بھارتی جھوٹ اور شرانگیزیاں بے نقاب کرنے کی اپنی کوششیں ذمہ داری کے ساتھ جاری رکھے گا۔ ترجمان نے کہا کہ  ہم امید کرتے ہیں کہ عالمی برادری صورتحال کا حقیقی معنوں میں ادراک کرتے ہوئے علاقائی ماحول خراب کرنے اور جنوبی ایشیا کے امن و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر بھارت کو کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔پاکستان نے کابل میں دوخواتین ججز کے سفاکانہ قتل کی شدید مذمت  کی ہے۔ دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کابل میں آج دو خواتین ججزکو ہدف بنا کر قتل کرنے کے بزدلانہ واقعہ کی شدید مذمت کرتا ہے۔ ہم مقتول ججز کے تمام سوگوران سے تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ بہیمانہ دہشت گردی کایہ ایک انتہائی قابل نفرت واقعہ ہے۔ پاکستان دہشت گردی کی ہر قسم کی مذمت کرتا ہے۔  ہم نے بارہا زور دیا ہے کہ افغانستان میں تشدد میں کمی لائی جائے جو جنگ بندی پر منتج ہو۔

ای پیپر دی نیشن