شہید اصغرعلی نورانی کا خون ہرگزرائیگاں نہیں جائے گا،ناموس رسالت کانفرنس

کراچی(نیوز رپورٹر) جمعیت علمائے پاکستان کورنگی ٹائون کے سابق صدر شہید اصغرعلی نورانی کے آٹھویں یوم وصال پر غوثیہ مسجد رحیم آباد میں شہید ناموس رسالت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے اس عزم کا اعادہ کیاکہ ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ نافذ کرکے دم لیں گے،حکمران ریاست مدینہ کاراگ الاپناچھوڑدیں،حقیقی ریاست مدینہ نظام مصطفیٰ ﷺ کے نفاذ سے ممکن ہے، حکومت قادیانیوں کی سرپرستی سے بازآجائے، شہید اصغرعلی نورانی کا خون ہرگز رائیگاں نہیں جائے گا۔جمعیت علمائے پاکستان صوبہ سندھ کے نائب ناظم علامہ قاری خلیل احمدنورانی کے زیرصدارت منعقدہ شہیدناموس رسالت کانفرنس سے انجمن نوجوانان اسلام کے چیئرمین انجینئر سلیم حسین، سینئر رہنماجمعیت علمائے پاکستان فقیر ملک محمدشکیل قاسمی، استاذ الاساتذہ قاری اللہ ڈوایا،علامہ شفقات ہزاروی، مفتی محمدزبیر عامرگیلانی،علامہ اظہر نقشبندی،علامہ محمدحفیظ اللہ ہادیہ،علامہ نصراللہ نقشبندی ودیگرنے خطاب کیا۔کانفرنس میںشہید کے بھائی راشد قادری ،بہنوئی محمداشفاق رضا، مولاناحبیب اللہ، طارق شکوری، علامہ محمدعمیر، علامہ محمدصادق سعیدی، ملک محمدمبین سعیدی نورانی، علامہ دلشاد چشتی، علامہ محمدصفدرچشتی،  محمدیونس نورانی، محمدشاکر نورانی، قیصراعوان، صاحبزادہ احمد خلیل ودیگر سمیت علماء ومشائخ وعوام اہلسنّت کی بڑی تعداد شریک تھی۔مقررین نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیاکہ فرانسیسی سفیر کو ملک سے نکالا جائے اورفرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے۔مسلم ممالک فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کریں۔مسلم حکمراں اقوام متحدہ کے تحت عالمی تحفظ حقوق انسانی کے جانبدار متنازع منشور کو مسترد کردیں ۔اس منشور میں ہر شخص کو فکر و عمل اور اظہار رائے کی بے لگام آزادی دی گئی ہے جس کے باعث اسلام دشمن عناصر بلا خوف و خطر توہین رسالت ﷺ  تو ہین قران ،اسلامی شعائر و عقائد کا تمسخر اُڑانے کا بار بار آزادنہ ارتکاب کر رہے ہیں ۔گستاخانِ رسول ﷺ کی سزا صرف موت ہے ۔اقوام متحدہ اپنا جانبدارانہ کردار چھوڑ کر فرانس کے خلاف فی الفور کاروائی عمل میں لائے ۔مسلم حکمراں اپنے دین و ایمان کے تحفظ اور بقاء کے لیے اپنی علیحدہ مسلم اقوام متحدہ ،مشترکہ اسلامی فوج ،اسلامی کرنسی ،اسلامی مشتر کہ تجارتی منڈی تشکیل دیں ۔اسلام امن و سلامتی کا دین ہے اور دنیا بھر کے مسلمان امن و سلامتی،عدل و انصاف کے علمبردار ہیں ۔

ای پیپر دی نیشن