پاکستان کی آسکر ایوارڈ یافتہ فلمساز شرمین عبید چنائے نے ایک اور بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کر لیا۔ آسکر جیتنے والی پاکستانی فلم ساز اور سماجی کارکن شرمین عبید چنائے کو براعظم ایشیا کے 18 بہترین ہدایات کاروں کی فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔ یہ فہرست ہانگ کانگ کے لائف اسٹائل میگزین ٹاٹلر کی جانب سے جاری کی گئی ہے جس میں ایشیا کے 18 ہدایات کار شامل ہیں۔ فہرست میں ان ہدایت کاروں کو شامل کیا گیا ہے جنہوں نے فلم انڈسٹری میں نمایاں کردار ادا کیا۔ میگزین کی جانب سے شرمین عبید چنائے سے متعلق بتایا گیا ہے کہ انہوں نے بہت سے اعزازات حاصل کیے ہیں، وہ ایک صحافی، سماجی کارکن اور فلم ساز ہیں۔حکومت پاکستان کی جانب سے بھی شرمین عبید چنائے کو 2012 میں ہلالِ امتیاز سے نواز ا گیا، ٹائم میگزین کی جانب سے انہیں دنیا کی 100 متاثر کن شخصیات کی فہرست میں شامل بھی کیا گیا تھا۔