لاہور( سپورٹس رپورٹر ) جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں شرکت کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈ 19 جنوری بروز منگل کو لاہور سے بذریعہ چارٹرڈ فلائیٹ کراچی روانہ ہوگا۔ قومی سکواڈ کی چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے لاہور سے کراچی روانگی کی وجہ کھلاڑیوں، اسپورٹ اسٹاف اور دیگر عملے سمیت اسکواڈ کے ارکان کے اہلخانہ کو بحفاظت بائیو سیکیور ببل میں داخل کرنا ہے۔ ان تمام ارکان کی پہلی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ 13 اورپھر 16 جنوری کو ان کے اپنے شہروں میں ہوئی۔ تمام کوویڈ 19 ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں۔قومی اسکواڈ کی تیسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ منگل کو ہو گی۔ پچاس افراد پر مشتمل چارٹرڈ فلائیٹ میں کھلاڑیوں اور سپورٹ سٹاف کے علاوہ سکواڈ میں شامل ارکان کے اہلخانہ، امپائرز، ڈاکٹر اور دیگر ضروری عملہ کراچی پہنچے گا۔ دیگر شہروں میں موجود قومی کرکٹرز پیر کی شام لاہور پہنچ گئے، جہاں سے وہ سکواڈ کے ہمراہ کراچی روانہ ہوں گے۔ کراچی میں موجود کھلاڑی، سپورٹ سٹاف اور ان کے اہلخانہ اپنے گھروں سے ہی منگل کو ٹیم ہوٹل پہنچیں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ 26 جنوری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں شروع ہوگا۔ مہمان ٹیم پہلے ہی کراچی کے ٹیم ہوٹل میں موجود ہے۔ نیشنل ہائی پرفارمنس سنٹر کےدو کوچز، ثقلین مشتاق اور محمد یوسف بھی اسی چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے کراچی روانہ ہوں گے۔ گرانٹ بریڈ برن پہلے ہی کراچی میں موجود ہیں، یہ تینوں کوچز کراچی میں پاکستان کپ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں قومی ٹیسٹ سکواڈ کی ٹریننگ کا جائزہ بھی لیں گے۔ ان تینوں کوچز کو تین فروری سے لاہور میں شروع ہونے والے قومی ٹی ٹونٹی سکواڈ کے ٹریننگ کیمپ کی نگرانی کرنی ہےکیونکہ اس دوران قومی کرکٹ ٹیم کا سپورٹ سٹاف4 فروری سے راولپنڈی میں شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کی تیاریوں میں مصروف ہوگا۔لاہور پہنچتے ہی قومی کرکٹ ٹیم کا سپورٹ سٹاف ٹی ٹونٹی سیریز کی تیاریوں کا آغاز کردے گا۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز 11 فروری سے قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔
جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز، قومی سکواڈ منگل کو چارٹرڈ فلائیٹ کے ذریعے کراچی روانہ ہوگا
Jan 18, 2021 | 17:49