لاہور (کامرس رپورٹر) روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ کمیٹی کی جانب سے سبزیوں اور پھلوں کے سرکاری نرخنامے پر شہر میں کہیں بھی عملدرآمد نہیں ہو رہا ہے۔ بیشتر علاقوں میں دکاندار وں نے کھلے عام سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی کی۔ پیاز درجہ اول کی سرکاری قیمت 35 روپے فی کلو تھی لیکن اوپن مارکیٹ میں 45روپے کلو تک فروخت کیا گیا۔ آلو کچا چھلکا درجہ اول 33 روپے کی بجائے45 روپے، لہسن دیسی درجہ اول 190 کی بجائے 250 روپے فی کلو، ٹماٹر درجہ اول 53 کی بجائے 65 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ ادرک چائنہ 280 کی بجائے 320، میتھی 42 کی بجائے 50 روپے فی کلو، بینگن کا سرکاری ریٹ47 روپے لیکن اوپن مارکیٹ میں 60 روپے فی کلو میں فروخت کیا گیا۔ مونگرے کا سرکاری ریٹ 100 روپے لیکن اوپن مارکیٹ میں 130 روپے فی کلو، شملہ مرچ سرکاری ریٹ 140 لیکن اوپن مارکیٹ 170 روپے فی کلو میں فروخت کی گئی۔ اسی طرح پھلوں میں ایک کلو سیب کالا کولو پہاڑی اول کی قیمت 185روپے تھی لیکن 250 روپے تک فروخت کیا گیا۔ سیب امری 120روپے کی بجائے 160روپے،کیلا درجہ اول 83 روپے کی بجائے 90 روپے، انار قندھاری 190روپے کی بجائے 250 روپے، امرود 76 روپے کی بجائے 85 روپے، فروٹر اول درجن 100روپے کی بجائے 150روپے، مسمی اول درجن 125روپے کی بجائے 155روپے،کینو اول درجن 115روپے کی بجائے 150روپے تک فروخت کئے گئے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں جو سرکاری نرخناموں میں درج ہیں وہ بھی بہت زیادہ لیکن اس کے باوجود دکاندار من مانی قیمتوں پر فروخت کر رہے ہیں۔