پل خمری(شِنہوا)افغانستان کے شمالی صوبہ بغلان میں گزشتہ کئی سال تک جاری رہنے والی جنگ کے دوران پھٹنے سے بچ جانیوالے ایک دھماکہ خیز آلے کے پھٹنے سے 2 افراد ہلاک اور 2 زخمی ہو گئے ہیں۔مقامی افراد نے پیر کے روز بتایا کہ دھماکہ اتوار کی دوپہر صوبائی دارالحکومت پل خمری شہر کے نواحی علاقہ ٹیپہ نوروز میں ہوا جس میں 2 عام شہری ہلاک اور 2 زخمی ہوئے ہیں۔سرکاری خبر رساں ادارے با ختر نے بھی حادثے کی خبر جاری کی ہے۔گزشتہ ایک ہفتے کے دوران جنگ زدہ افغانستان میں دھماکہ خیز آلات سے کیا جانیوالا یہ دوسرا دھماکہ ہے جس میں عام شہری ہلاک ہوئے ہیں۔گزشتہ پیر کو مشرقی صوبہ ننگرہار کے ضلع لال پور میں ایک سکول کے باہر دھماکہ خیز مواد پھٹنے سے 6 بچے اور ایک دکاندار ہلاک اور متعدد افراد زخمی ہو گئے تھے۔