اسلام آباد (نمائندہ خصوصی ) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے ایک وفد نے صدر محمد شکیل منیر کی قیادت میں چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات کی اور ان کے چھوٹے بھائی سالار خان سنجرانی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا جو کراچی سے کوئٹہ جاتے ہوئے کار حادثے میں اللہ کو پیارے ہو گئے تھے۔ وفد نے محمد صادق سنجرانی کے ساتھ ان کے چھوٹے بھائی کی قیمتی جان کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار لواحقین کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر جمشید اختر شیخ، نائب صدر محمد فہیم خان، چیئرمین فائونڈر گروپ میاں اکرم فرید، سابق صدور شیخ عامر وحید، خالد اقبال ملک، محمد اعجاز عباسی اور ظفر بختاوری ، سابق سینئر نائب صدر محمد نوید ملک اور دیگر وفد میں شامل تھے۔