ماہی گیر کشتیوں کی سالانہ فیس جمع نہیں کراسکتے:میر ارشد کلمتی

گوادر(نامہ نگار) گوادر کے نوجوان سیاسی و سماجی شخصیت میر ارشد کلمتی نے اپنے ایک اخباری بیان میں وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،ایم پی اے گوادر میر حمل کلمتی،اور ڈپٹی کمشنر گوادر ریٹائرڈ جمیل احمد بلوچ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ تباہ کن بارشوں کے بعد گوادر (ضلع) کی دو تحصیلوں (تحصیل گوادر اور تحصیل پسنی) کو ایم پی اے گوادر اور ڈپٹی کمشمر گوادر کی سفارشات پر سرکاری سطح پر آفت ذدہ تو قرار دیا جا چکا ہے، انھوں نے کہا کہ وزیر اعلی بلوچستان اور ایم پی اے گوادر کی اس راست اقدام کو ہم سراہتے ہیں لیکن اس کے ساتھ ہم یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ چونکہ ضلع گوادر کے ساحلی علاقوں میں زیادہ تر ماہی گیر رہتے ہیں، حالیہ طوفانی بارشوں سے ماہگیر گھرانے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ان کے مکانات اور املاک سیلاب اور بارشی ریلوں کے زد میں آکر ٹوٹ پھوٹ کے شکار ہوچکے ہیں جس سے انھیں لاکھوں روپے کی نقصانات ہوئے ہیں لہذا ہم وزیر اعلیٰ بلوچستان اور ایم پی اے گوادر سے اپیل کرتے ہیں کہ ماہی گیروں کے گھروں کے نقصانات کے ازالے کے ساتھ ساتھ ضلع گوادر کے ماہگیروں کی کشتیوں کا سالانہ رجسٹریشن فیسوں کو معاف کیا جائے کیونکہ ماہی گیر قدرتی آفات کے شکار ہونے کہ وجہ سے اپنی کشتیوں کی سالانہ فیس جمع کرنے سے قاصر ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ماہی گیروں کے علاوہ دیہی علاقوں میں کسانوں کے بندات بھی سیلابی ریلوں سے بہہ گئے ہیں جس کی وجہ سے کسانوں کو لاکھوں کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے‘ لہذا ضلع کے حدود میں کسانوں کے جتنے بھی بندات کو نقصان پہنچے ہیں حکومت بلوچستان غریب کسانوں کیلئے جلد از جلد سرکاری بلڈوزر گھنٹوں اور فنڈ کا اجرا کرکے کسانوں کے نقصانات کا ازالہ کردے۔ 

ای پیپر دی نیشن