لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ کشمیر پریس کلب پر بھارتی افواج کی جانب سے پر تشدد کارروائیاں ، صحافیوں اور سول سوسائٹی کو ہراساںکرنے کی کوششیں قابل مذمت ہیں۔ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی اصل تصویر، دنیا کو دکھانے کی پاداش میں صحافیوں کو گرفتار کر رہی ہے۔ عالمی برادری اور دنیا بھر میں آزادی اظہار کیلئے جدوجہد کرنے والی این جی اوز کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ ہندوستان کالے قوانین کے ذریعے کشمیریوں کی تین نسلوں سے جاری تحریک آزادی کی جدوجہد کو دبا نہیں سکتا۔ اس تحریک میں دن بدن اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے۔ 1989سے لے کر اب تک ایک لاکھ سے زائد نہتے کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ہے۔ لاکھوں بچے یتیم اور ہزاروں خواتین کو بیوہ بنادیا۔ ظلم وستم کا یہ سلسلہ آج بھی جاری ہے۔ حکومت پاکستان ،بھارت کے گھنائونے چہرے کو بے نقاب کرنے کیلئے اور8 لاکھ بھارتی فوج کے ظلم و ستم کو دنیا کے سامنے لانے کیلئے سفارتی ذرائع استعمال کرے۔ بھارت نے897روز سے مقبوضہ کشمیر کو فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھا ہے۔ 15اگست کے اقدام کو کالعدم قرار دیا جانا چاہیے۔