سال نو کی بہاروں پر چھایا کون سا رنگ؟

راحیلہ مغل

ان دنوں پورا مْلک شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔ کہیں برف باری تو کہیں ایسی موسلا دھار بارش کہ جل تھل ایک ہوا جارہا ہے اور کہیں ہلکی ہلکی بوندا باندی ماحول میں خوش گواریت سی بَھر رہی ہے۔ بہرکیف، جب نیلے  آسماں پر بادلوںکا راج ہو، سْرمئی سیاہی میں ڈھلی شامیں پورے جوبن پر آجائیں تو ایسے میں سجنے سنورنے کا بھی اپنا ہی ایک لْطف ہوتا ہے۔یہی وجہ ہے کہ خواتین آجکل اپنے پہناووں کے لئے خاصی پریشان نظر آ رہی ہیں کیونکہ خواتین کے لیے ہر موسم میں کپڑوں اور ان کے رنگوں کا انتخاب ایک مسئلہ رہتا ہے۔ کیا پہنا جائے؟ یہی سوال سب کے دماغ میں ہر وقت موجود ہوتا ہے۔ رنگوں کے انتخاب میں موسم کا عمل دخل تو ہے ہی لیکن کسی سیزن میں کون سا رنگ زیادہ پہنا جا رہا ہے، اْسے بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔ یہی وجہ ہے کہ   نئے سال  کی آمد کے ساتھ ہی جب  پینٹون نئے سال کے رنگ کا علان کرتا ہے  تو خواتین کے ملبوسات میں بھی رنگوں کی بہار اْتر آتی ہے۔ 1 202 ء میں گرے  زرد اور پیلے رنگ کی مختلف جھلک ہر لباس میں دکھائی دے رہی تھی لیکن  2022 ء میں  کاسنی یعنی ویری پیری نیلا رنگ ہر فیشن بوتیک کی زینت بننے کیلئے تیار ہے۔
2022 ء میں جن رنگوں نے دھنک بکھیرنی ہے، اْن میں  کاسنی رنگ سرفہرست ہے۔اس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ یہ رنگ ٹھنڈک کی تاثیر رکھتا ہے، لیکن گرم تاثیر رکھنے والے رنگوں میں سرخ اور شوخ رنگ بھی اس سال کے پسندیدہ ہیں۔ اسکے علاوہ فیشن ایکسپرٹ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماضی میں ہم زیادہ تر بہت دھیمے، ٹھنڈے، ہلکے رنگوں ہی کو پسند کرتے رہے، جیسا کہ لونگ کورل، روز کوارٹز، ریڈئینٹ آرکڈ، کلاسک بلیو، الَٹی میٹ گرے، گرینری، ٹرکوائز، ہنی سکل اور سیرینیٹی وغیرہ۔  لیکن اس سال ویری پیری کا رنگ کا انتخاب کیا گیاہے۔ اِس رنگ کی سب سے بڑی خْوبی، اِس ایک رنگ میں بے شمار رنگوں کی یک جائی و ہم آمیزی ہے۔ جس سے نہ صرف حْسنِ انتخاب کے لیے ایک وسیع ترین میدان میسّر آگیا ہے، بلکہ محض ایک رنگ کے مختلف شیڈز اپنا کر متعدّد اہداف کا بیک وقت حصول بھی آسان ہوگیا ہے۔‘‘
  رواں سال چوڑی دار پاجامے پتلون، تنگ جینز والے فیشن سوشل میڈیا پر گردش کر رہے ہیں وہیں چیک والے کپڑے، سلک اور سائن کے پرنٹ بھی فیشن کے نئے رحجانات میں شامل ہیں۔اس کے علاوہ اس سال موتیوں کے زیور اور ان کا ملبوسات پر استعمال فیشن کا حصہ رہے گا۔موتیوں سے آراستہ لباس، دلکش ہار یا موتی کی بالیاں یہ سب ٹرینڈ میں آنے والی ہیں۔اس لئے موتی کے زیورات کے دیگر فیشن ٹرینڈز کے ساتھ ملانے سے گھبرائیں نہیں بلکہ موتیوں والے کلپ، بروچ اور مالائیں خرید لیں۔
2022ء میں بولڈ  رنگ اور چمکدار کپڑے سب سے بڑے فیشن کی شکل اختیار کریں گے۔ کاسنی رنگ اور قوس قزاح کے رنگوں کے لباس  تہواروں پر پسند کیے جائیں گے، یہ سیزن بولڈ رنگوں کا ہے۔اسکے علاوہ پف والے پھولے ہوئے بازو اس سال ایک بار پھر مشہور ہونگے۔اس سال لکیروں اور پٹیوں والے دھاری دار ملبوسات اور سویٹرز آپ کی شخصیت کو چار چاند لگا دیں گے۔ شوخ رنگوں کے ساتھ شوخ پرنٹس بھی آپ کی وارڈ روب میں تازگی بکھیریں گے۔ایک دہائی پہلے لمبی قمیضوں کا فیشن آیا اور صارفین نے کافی عرصے اْسے استعمال کیا۔گذشتہ برس سے میڈیم لمبائی کی قمیضیں بھی فیشن کا حصہ بن گئیں۔اس سال فیشن انڈسٹری میں دونوں طرح کے کپڑے استعمال میں آتے رہیں گے۔بوتیکس میں لمبی قمیضیں بھی دستیاب ہیں اور درمیانی بھی، اس کے ساتھ ساتھ چھوٹی اور لمبی فراکس بھی فیشن میں اِن ہیں۔گذشتہ چند برس سے ٹائٹس خواتین کی پسند رہے لیکن اب شلوار بھی فیشن میں دوبارہ آچکی ہے۔اس کے علاوہ پلازو اور سگریٹ پینٹس بھی فیشن میں اِن ہیں۔ گذشتہ سال کے برعکس ڈیجیٹل پرنٹس اس مرتبہ فیشن میں کچھ زیادہ پسندیدہ نہیں رہے اور اْن کی جگہ عمودی زیبرہ پرنٹس نے لے لی ہے۔ہمیں یقین ہے، اس بھیگے بھیگے، ٹھنڈے ٹھار موسم میں ایسے  پہناووں کا  انتخاب آپ کے دِل کو ضرور بھائے گا۔
فیشن ڈیزائنرز کہتے ہیں کہ ’’ہمارے پاس جو کسٹمرز آ رہے ہیں وہ  شوخ رنگوں  کی ڈیمانڈ کر رہے ہیں۔ خواتین کو اب بہت بھرے بھرے کڑھائیوں والے کپڑے نہیں پسند بلکہ ڈھیلے ڈھالے لیکن کٹس اور ڈیزائن کیساتھ کپڑے پسند ہیں۔ بے بی بلیو اور لائم گرین کلر کی ڈیمانڈ  بھی بڑھ  چکی ہے۔ گویا اس برس جس نے جو پہننا ہے، اپنی مرضی کے مطابق پہن سکتا ہے۔ مجموعی طور پر 2022 ء کو اگر ’فیشن فرینڈلی‘ کہا جائے تو کچھ غلط نہ ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن