لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پچھلے چند سالوں سے ہر لیڈر حکومت میں آنے سے پہلے مہنگائی کا شور تو مچاتا ہے لیکن آج تک کسی نے یہ نہیں بتایا کہ معاشی مسائل کا حل کیسے نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کے معاشی حالات میں سب سے زیادہ متاثر تنخواہ دار طبقہ ہے۔ کاروباری طبقہ دو کی چیز چار میں بیچ کر اپنا گھاٹا پورا کر لیتا ہے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ آئندہ انقلاب تنخواہ دار طبقے کے ذریعے ہی آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ تو سال میں صرف ایک مرتبہ ہوتا ہے لیکن مہنگائی مہینے میں دو مرتبہ بڑھ جاتی ہے وہ کیسے اس ہوشربا مہنگائی کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن بغیر کسی سیاسی تفریق کے مل کر عوامی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
یقین ہے آئندہ انقلاب تنخواہ دار طبقے کے ذریعے ہی آئے گا: شجاعت
Jan 18, 2022