اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں مذہب کے نام پر قتل کیے گئے سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا کی بیوہ کو فنڈز منتقل کرنے پر کاروباری برادری سے تشکر کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پریانتھا کمارا کی بیوہ کے اکاؤنٹ میں 1لاکھ ڈالرز منتقل کرنے پر میں سیالکوٹ کی تاجر برادری کا شکر گزار ہوں۔ اسی طرح پریانتھا کمارا کی بیوہ کو ماہانہ تنخواہ کی مد میں 2 ہزار ڈالرز بھجوائے گئے۔
ٹوئٹر پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں ہلاک کیے گئے .سری لنکن شہری کے اہلِ خانہ کی مدد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بیوہ کو 2 ہزار ماہانہ تنخواہ بھجوانے اور 10 سال تک یہ سلسلہ جاری رکھنے کے فیصلے پر راجکو انڈسٹریز بھی تحسین کی مستحق ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کے قتل کیس میں گرفتار مزید 18 ملزمان ملزمان کا 15 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔مقدمے میں 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا جن پر مقتول پر بے جا تشدد اور قتل کا الزام تھا۔ انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالا میں پریانتھا کمارا کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ملزمان کو پیش کیا گیا، عدالت نے ملزمان کو 28 دسمبر کو دوبارہ انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا، تاحال پریانتھا کمارا قتل کیس پر قانونی کارروائی کی جارہی ہے۔