لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، چیئرمین مرکزی الیکشن سیل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کراچی میں عوام نے والہانہ طریقے سے جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن پر اعتماد کردیا ہے۔ جماعت اسلامی کی جیت کو روکنے کیلئے مقتدر جماعتوں نے ہر حربہ استعمال کیا لیکن رائے عامہ کی طاقت نے انتخابات کی راہ ہموار کردی۔ انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری قابل قبول نہیں ہوگی۔ اگر ایسا کیا گیا تو پی پی پی حکومت اور الیکشن کمشن دونوں رسوا ہوں گے۔ کراچی میں میئرشپ جماعت اسلامی کا حق بن گیا ہے۔ کراچی لاتعداد مسائل، طرح طرح کے مافیاز کے ظلم کا شکار ہے۔ جماعت اسلامی کا میئر اور مسلسل جدوجہد کرنے والی ٹیم ہی تمام سٹیک ہولڈرز اور بلدیات کا مینڈیٹ حاصل کرنے والوں کو کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے ساتھ لے کر چل سکتا ہے۔ الیکشن کمشن نے ہر طرح کے دباؤ کے باوجود کراچی میں بلدیاتی انتخابات کرالیے۔ اب یہ اس کی ذمہ داری ہے کہ عوام کے فیصلہ کو تبدیل نہ کرنے دے۔ لیاقت بلوچ نے حافظ نعیم الرحمن، راجہ عارف سلطان، اسامہ بن رضی کو فون پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی کے کارکنان، خواتین، نوجوانوں اور سوشل میڈیا والنٹیئرز نے بے مثال جدوجہد کی اور حافظ نعیم الرحمن نے قیادت کا حق ادا کردیا۔
کراچی انتخابی نتائج میں ہیرا پھیری قابل قبول نہیں ہوگی:لیاقت بلوچ
Jan 18, 2023