کراچی (نیوز رپورٹر)انجمن فیضان ختم نبوت کراچی کے تحت کیٹل کالونی میں تاجدار صداقت وسیدہ کائنات کانفرنس سے خطیب پاکستان حضرت علامہ مفتی غلام یٰسین گولڑوی ،حضرت علامہ صاحبزادہ غلام غوث گولڑوی ناظم اعلی دارالعلوم حنفیہ خیرالمعاد ،حضرت علامہ افتخار احمد نقشبندی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خلیفہ اول افضل البشر بعد ازانبیاء باالتحقیق حضرت سیدناصدیق اکبرؓ اتباع رسول کا کامل نمونہ اور جلیل القدر خلیفہ تھے قرآن پاک کی متعدد آیات آپ کی موافقت میں نازل ہوئی ۔آپ کی صحابیت قرآن پاک سے ثابت ہے۔آپ اہلبیت مصطفی ﷺ سے بالخصوص حسنین کریمین سے بہت محبت فرمایا کرتے تھے۔آپ حسنین کریمین کو محبت واحترام سے اپنے کندھوں پر اٹھایا کرتے اور آپ فرمایاکرتے تھے مسلمانو!نبی کریم کے اہلبیت کے معاملے میں آپ ﷺ کا لحاظ واحترام ملحوظ رکھو۔نیز فرمایا کہ مجھے اپنی قرابت سے آپ ﷺ کی قرابت زیادہ عزیز ہے۔اور اہلبیت مصطفی ﷺ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ اور تمام صحابہ کرام سے محبت اوران کا احترام فرمایا کرتے۔ حضرت سیدنا ابوبکر صدیق ؓ آپ کے اسلام پر بے شمار احسانات ہیں اور پوری امت آپ کے احسانات کی مقروض ہے ۔فہم وفراست ،امانت ودیانت ،اصابت رائے ،حلم وبردباری ،صدق وصفا،شرافت وسخاوت کے پیکر اورخلافت شہہ بطحاکی ابتداء اور عشق پیغمبر کی انتہاء تھے۔سب سے پہلے ایمان کی دولت سے مالامال ہونے کے بعد آپ نے اپنی تمام دولت ،جان اولاداور سب کچھ دین حق کی راہ میں وقف کردیا آپ ہمیشہ فقراء ومساکین کی دستگیری اور مہمان نوازی فرماتے ۔آپ کو حضور پاک ﷺ کے ساتھ مکہ مکرمہ سے ہجرت کرنے کا شرف حاصل ہوا اور آپ نے ایام خلافت میں مدینہ منورہ کو اسلامی وسیاسی نظام کا مرکز بنایااور آپ نے خلافت کے دستور کی بنیاد قرآن وسنت کو بنایا عہد خلافت راشدہ حکمرانوں کے لئے مشعل راہ ہے آپ نے ایک ایسا نظام قائم کیا جس میں اسلام کی پاسداری اور قرآن وسنت کا راج تھا۔آپ نے منکرین ختم نبوت اور منکرین زکوۃ سے جہاد کیا ۔اس موقع پر صاحبزادہ حافظ محمد فیاض گولڑوی ،صاحبزادہ مولانا ریاض گولڑوی ،حاجی محمد عظیم گولڑوی ،حافظ محمد فضل عظیم قادری ،حاجی جاوید امام قادری ،مولانا شبیر احمد نقشبندی ،وسیم خان نورانی ،صاحبزادہ حافظ غیاث الدین گولڑوی ،محمد عمر جت ،ملک ریحان ودیگر نے شرکت کی۔
سیدناصدیق اکبرؓ اتباع رسول کا کامل نمونہ اور جلیل القدر خلیفہ تھے ‘مفتی غلام یٰسین گولڑوی
Jan 18, 2023