کبیروالا(نمائندہ نوائے وقت ) ملک میں جلد’’قومی انتخابات‘‘ ہونے جارہے ہیں،کارکنان تیار یاں جاری رکھیں،سابق وزیر اعظم عمران خان نے ’’امپورٹیڈ حکمرانوں‘‘ کو بندگلی میں دھکیل دیا ہے، شہباز حکومت نے صرف چند ماہ میں ملک وقوم کو شدید مشکلات اور بحرانوں کی دلدل میں دھنسادیا ہے،پی ڈی ایم والے’’ووٹ‘‘ لینے کیلئے آٹے کے لئے دربدر دھکے کھاتے اور قطاروں میں لگے ہوئے عوام کے پاس کس منہ سے جائیں گے،ان خیالات کا اظہار قائد سید گروپ وسابق ممبر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید خاور علی شاہ نے اپنی رہائشگاہ پر عمائدین اور معززین علاقہ سے ملاقات کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ عوام پر مسلط حکمرانوں نے اپنی ناقص پالیسیوں اور نااہلی سے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کردیا ہے،جس کا خمیازہ ملک کو شدید معاشی بحران اور عوام کو ہوشربامہنگائی اور بے روزگاری کے طوفان بدتمیزی کی صورت میں بھگتنا پڑرہا ہے۔ اس موقع پر سیدگروپ کے سینئر رہنما سید ثمر عباس شاہ،سید رضا عباس شاہ،ملک حفیظ گل،زاہد حسین بھٹی،مہر محمد صفدر باٹی،مہر محمد اجمل بھٹی،مہر محمد آصف گل بھی موجود تھے۔
عمران خان نے امپورٹڈ حکمرانوں کو بند گلی میں دھکیل دیا : ڈاکٹر خاور شاہ
Jan 18, 2023