وہاڑی(کرائم رپورٹر ) محکمہ وفاقی محتسب کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرایجویٹ کالج آف کامرس وہاڑی میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ مہمان خصو صی ایڈوائزر وفاقی محتسب ملتان ریجن محمود جاوید بھٹی تھے سیمینار میں پرنسپل چوہدری عبدالقیوم اور ڈپٹی ڈائر یکٹر انفارمیشن میاں نعیم عاصم، فیکلٹی اور طلبہ وطالبات کی کثیر تعداد بھی موجود تھی سیمینار میں ایڈوائزر وفاقی محتسب ملتان ریجن محمود جاوید بھٹی نے کہا کہ ادارہ وفاقی محتسب بغیر کسی وکیل اور بلاخیر سائلین کے مسائل حل کر رہا ہے۔ ادارہ وفاقی محتسب غریبوں کی عدالت ہے جس میں بلاتعطل لوگوں کو انصاف فراہم کیا جا رہا ہے شہری کسی بھی وفاقی محکمے کے خلاف صرف ایک سادہ کاغذ پر،1055پر میسج کے ذریعے یا واٹس ایپ پر اپنی شکایت بھیج سکتے ہیں سائل کی درخواست کی سماعت کے حوالے سے ایس ایم ایس درخواست گزار کو بھیجا جا تاہے اور 60دن کے اندر سائل کے مسئلہ کو حل کیا جاتا ہے۔ دریں اثناء محمود جاوید بھٹی نے ڈپٹی کمشنر وہاڑی کے دفتر میں کھلی کچہری لگا کر واپڈا، نادرا اور دیگر وفاقی محکموں سے متعلقہ سائلین کی طرف سے آنے والی درخواستوں کی سماعت کی اور جلداز جلد حل کرنے کے احکامات جاری کئے۔
وفاقی محتسب غریبوں کی عدالت‘ بلاتعطل انصاف فراہمی جاری: محمود جاوید بھٹی
Jan 18, 2023