لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی جیت گئی اور حقیقی ووٹرز ہار گئے،الیکشن کمیشن صاف اور شفاف انتخابات کروانے میں بالکل ناکام رہا۔ انہوں نے اپنے بیان میں سندھ کے بلدیاتی انتخابات پر بدترین دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ دھاندلی کے چکر میں بلدیاتی انتخابات کے نتائج 28 گھنٹوں سے زائد تاخیر کا شکار ہوئے، پی ٹی آئی کو دھاندلی میں لپٹی شکست دینے کے لئے سرکاری وسائل کا بے دریغ استعمال ہوا ، سندھ سرکار کی سر پرستی میں جعلی ووٹ ڈالے گئے اور جعلی ٹھپے لگائے گئے۔ فیاض چوہان نے کہا کہ ای وی ایم مشین کا استعمال رکوانے کی یہی وجہ تھی جو کراچی میں دھاندلی کی صورت میں نظر آ، جن عناصر نے پنجاب اور اسلام آباد کے الیکشنز ملتوی کروائے انہوں نے سندھ میں پی ٹی آئی کو کمزور کرنے کی کوشش کی،یہ لوگ جتنے مرضی جتن کر لیں پی ٹی آئی کا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور شفاف انتخابات کروانے میں الیکشن کمیشن بالکل ناکام رہا۔ اس الیکشن کو شفاف الیکشن کہنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔