پیپلز پارٹی نے مینڈیٹ چرایا‘ میئر کراچی ہمارا ہو گا: سراج الحق

Jan 18, 2023


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ کراچی کا میئر جماعت اسلامی کا ہو گا۔ کراچی انتخابات میں بعض سیٹوں پر دھاندلی کے مکمل ثبوت موجود ہیں۔ جماعت اسلامی کا راستہ روکنے کی سازش کی گئی، پیپلز پارٹی نے عوامی مینڈیٹ چرایا۔ واضح کرنا چاہتا ہوں جماعت اسلامی ہی کراچی کی سب سے بڑی پارٹی ہے۔ ہمارا عوامی مینڈیٹ واپس نہیں ملتا، پیپلز پارٹی سے کسی قسم کی بات چیت نہیں ہو گی۔ دیگر تمام جماعتوں اور آزاد امیدواروں سے مذاکرات کے تمام آپشن کھلے ہیں، جماعت اسلامی ڈائیلاگ پر یقین رکھتی ہے۔ امید ہے پیپلز پارٹی جماعت اسلامی کا مینڈیٹ قبول کرے گی۔ کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں، کراچی والوں سے وعدہ کرتے ہیں کہ شہر کو امن، خوشحالی اور ترقی دیں گے۔ بھتہ خوروں کی رخصتی کا وقت آ گیا، ان شاء اللہ کراچی کی روشنیاں واپس آئیں گی۔ سید منور حسن، پروفیسر غفور، عبدالستار افغانی، نعمت اللہ خان جماعت اسلامی اور کراچی کے عظیم سپوت تھے۔ شہداء کی قربانیاں رنگ لے آئیں، شہر اپنے اصل کی طرف لوٹ آیا۔ جماعت اسلامی سندھ اور کراچی کے رہنماؤں، کارکنوں اور عوام کو مبارک باد دیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی نظم کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے زوم اجلاس میں پشاور اور سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کراچی سے شرکت کی۔ نائب امرا لیاقت بلوچ، ڈاکٹر فرید پراچہ، راشد نسیم، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور اسد اللہ بھٹو منصورہ سے اجلاس میں شریک تھے۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل محمد اصغر، اظہر اقبال حسن، وقاص جعفری اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف‘ صدر الخدمت فاؤنڈیشن ڈاکٹر حفیظ الرحمن اور ڈائریکٹر شعبہ امور خارجہ جماعت اسلامی آصف لقمان قاضی بھی شریک تھے۔ کراچی میں بلدیاتی انتخابات اور آئندہ کی صورت حال کے یک نکاتی ایجنڈا پر ہونے والی میٹنگ میں امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی اور امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کراچی سے خصوصی شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمن نے مرکزی نظم کو الیکشن اور بعد کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بعض سیٹوں پر جماعت اسلامی کے امیدواروں کے خلاف دھاندلی کے واضح ثبوت موجود ہیں۔ آر اوز نے ہمارا مینڈیٹ واپس نہ کیا تو پورے پاکستان کو جام کر سکتے ہیں۔

مزیدخبریں