اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سی پیک کے تحت چین کی جانب سے پاکستان میں تقریباً 62 ارب ڈالر کی متوقع سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار کے بے پناہ امکانات کے پیشِ نظر امید ظاہر کی کہ دوطرفہ تجارت جس کا حجم 27.8 بلین ڈالر ہے مستقبل میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے اور تجارت کا توازن باہمی طور پر فائدہ مند ہو گا۔ صدر مملکت نے یہ بات پاکستان میں چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نونگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے الوداعی ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ سی پیک کے تحت انیس منصوبے مکمل کیے گئے۔ 28زیر تعمیر جبکہ 41پائپ لائن میں ہیں، سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک انقلابی فلیگ شپ منصوبہ ہے، جو علاقائی امن اور رابطہ کاری کے محور کے طور پر کام کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ صدر مملکت نے دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے شعبوں میں وسیع تعاون پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا اور چین کے عوام اور صدر شی جن پنگ کا پاکستان کو دل کھول کر مالی معاونت فراہم کرنے پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ صدر نے سبکدوش ہونے والے سفیر کو چینی سفارت کاری کی بہترین روایات کے مطابق وقار کے ساتھ چین کی نمائندگی کرنے پر سراہا اور ان کی مستقبل کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک تمناو¿ں کا اظہار کیا۔
صدر علوی
صدر سے چینی سفیر کی الوداعی ملاقات: سی پیک سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال
Jan 18, 2023