عمران حملہ کیس: خصوصی عدالت نے 3 ملزم جیل بھیج دیئے‘ ایک کا جسمانی ریمانڈ


وزیرآباد+گوجرانوالہ (نامہ نگار+نمائندہ خصوصی) عمران خان حملہ و کنٹینر کیس میں جے آئی ٹی نے مقدمے میں شریک چار ملزمان کو انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت گوجرانوالہ پیش کیا۔ عدالت نے تین ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جبکہ ایک کو نو روزہ جسمانی ریمانڈ پر جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا۔ انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے تین ملزمان وقاص، احسن اور طیب کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جبکہ ایک ملزم مدثر نذیرکو9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر جے آئی ٹی کے حوالے کر دیا۔ عدالت کے باہر ملزمان کے وکیل مستنصر گوندل نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ ملزم احسن نذیر اور مدثر نذیر کا اس کیس سے کوئی تعلق نہیں، ان کو چوہدری پرویز الہی کی خواہش پر کیس میں شامل کیا گیا انہوں نے کہا کہ مدثر نذیر مسلم لیگ (ن) کے ڈسٹرکٹ انفارمیشن سیکرٹری ہیں۔
عمران حملہ کیس

ای پیپر دی نیشن