اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ای سی سی کے اجلاس میں5سال تک پرانے ٹریکٹرز درآمد کرنے کی اجازت دے دی۔ وزارت تجارت کی سمری پر سیکنڈ ہینڈ ٹریکٹرز درآمد کرنے پر ماہانہ دو فی صد فرسودگی دینے کی بھی منظوری دے دی۔ تاہم یہ زیادہ سے زیادہ ساٹھ فی صد فرسودگی مل سکے گی۔ اجلاس میں فوجی فائونڈیشن کو ڈھرکی پاور ہولڈنگ لمیٹڈ کے 27لاکھ 50ہزار کے شیئر خریدنے کے لئے 4.9ملین ڈالر کی ایویٹی سرمایہ کاری کرنے کی اجازت دے دی۔ اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے بلاکس میں کام کرنے کے اختیار کے حوالے سے سمری پر غور کے بعد کیر ٹھر بلاک میںپاکستان آئل فیلڈز کے 34فی صد اور اٹک آئل کمپنی کے 6فی صد ورکنگ انٹرسٹ پولش کمپنی میسرز پولسکی کو دینے کی منظوری دے دی۔ ای سی سی نے ٹل بلاک کے پی کے ممی خیل جنوبی ڈسکوری میں تیل اور گیس کی پیداوار تھرڈ پارٹی کی وساطت سے بڑھانے کی سمری پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ٹل میں تیل وگیس کی تلاش لائسنس میں سرکاری اداروں کا حصہ 70فی صد ہے، اس تجویز سے حکومت کو فائدہ ہو گا اور نجی شعبہ کی شراکت بھی بڑھے گی۔ اجلاس میں اس سمری کو منظور کر لیا گیا۔ وزارت تجارت کی طرف سے بزنس ٹو بزنس بارٹر تجارت کے میکنزم کی پالیسی کو منظور کر لیا، جہاں بینکنگ نظام موجود نہیں۔ اس میکنزم سے تجارت کرنے میں آسانی ہو گی ۔ اجلاس میں پیسکو کے منصوبوں کے لئے وزارت توانائی کے لئے30کروڑ روپے، وزارت ہائوسنگ کے لئے ایک کروڑ 24لاکھ روپے، انڈسٹریل اسٹیٹ کراچی میں سڑکوں کی تعمیر کے لئے ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری دے دی۔ مزید براں وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں عوامی جمہوریہ چین کے سبکدوش ہونے والے سفیر نونگ رونگ کے اعزاز میں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے الوداعی ظہرانہ دیا جس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی، ظفر الدین محمود، گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان اور دیگر نے شرکت کی۔
ای سی سی