اسلام آباد(نا مہ نگار)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)پاکستان اور چین کے مابین سدا بہار دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کی عکاسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ دونوں ممالک کی عوام کے لیے سود مند منصوبہ ثابت ہو گا، اس منصوبے کی تکمیل سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجز کے باوجود پائیدار اقتصادی ترقی ہمیشہ پاکستان کا اولین ترجیح رہی ہے۔ سی پیک منصوبہ رابطوں کے فروغ اور سماجی و اقتصادی ترقی کے ذریعے پائیدار ترقی کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے "APCEA Sustainable Development Report 2022 کے اجرا کے موقع پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ فارم پارلیمنٹری سروسز PIPS میں آل پاکستان چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن (APCEA) اور قومی اسمبلی کی ایس ڈی جیز پارلیمانی ٹاسک فورس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔رپورٹ میں پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے 2030 کے عالمی ایجنڈے کے تناظر میں سی پیک منصوبے کا جامع جائزہ پیش کیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )ایک اہم اسٹریٹجک منصوبہ ہے جو پوری دنیا کی توجہ کا مرکز ہے۔انہوں نے کہ منصوبے کے دوسرے مرحلے میں پاکستان میں تعلیم اور صنعت کے فروغ ، اقتصادی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی، فنی تعلیمی کا اجرا اور طلبا کے تبادلوں کے پروگراموں کی توسیع شامل ہے۔ اے پی سی ای اے کے ایگزیکٹو وائس چیئرمین اور بینک آف چائنا لمیٹڈ پاکستان آپریشنز کے سی ای او مسٹر وانگ جی نے اپنے استقبالیہ خطاب میں پائیدار ترقی کی اہمیت اجاگر کیا اور اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔