اسلام آباد (نا مہ نگار)پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقی کے اہداف کی کنوینو رومینہ خورشید عالم سے بیلجیئم کے پارلیمانی وفد نے ملاقات کی،پارلیمانی وفد بیلجیئم پاکستان پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کی چیئر پرسن ایلیسیا کلیس کی سربراہی میں پاکستان کے دورہ پر ہے۔اس موقع وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے رومینہ خورشید عالم نے کہا کہ پاکستان کی قومی اسمبلی دنیا کا پہلا پارلیمان ہے جو پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول پر خصوصی توجہ دے رہا ہے ،ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ 2016 سے پاکستان میں متحرک کردار ادا کر رہا ہے ،ایس ڈی جیز کی پارلیمانی ٹاسک فورس قومی اسمبلی اور سینیٹ کے 39ممبران پر مشتمل ہے ، رومینہ خورشید نے کہا کہ چاروں صوبوں، آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اور گلگت بلتستان اسمبلی میں بھی ایس ڈی جیز سیکرٹریٹ قائم کئے گئے ہیں ، پارلیمانی ٹاسک فورس برائے پائیدار ترقی کے اہداف ملک میں پائیدار ترقی کے 17اہداف پر کام کر رہی ہے ، قومی اسمبلی نے حالیہ سال میں دو روزہ پائیدار ترقی کے دو روزہ قومی مکالمہ کا انعقاد کیا تھا ، قومی مکالمہ میں چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر کی قانون ساز اسمبلی اور گلگت بلتستان کے اسپیکرز اور پارلیمانی وفود نے شرکت کی۔