کراچی ( کامرس رپورٹر ) پاکستان سوپ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے چیئرمین سید انور سہیل رضوی نے مالیاتی بحران، لیٹر آف کریڈٹ مکمل طور پر بند کرنے پر اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے، انہوں نے کہا کہ اس عمل سے پورٹ پر دستیاب اسٹاک تیزی سے خراب ہو رہے ہیں۔ اگر یہ صورتحال مزید جاری رہی تو بہت جلد پورے ملک میں بنیادی اشیاء کی شدید قلت ہو جائے گی۔ صابن جیسی اہم پروڈکت جو ملک کے ہر گھر اور ہر فرد کی ضرورت ہے، اسکے خام مال کی امپورٹ پر پابندی ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دے گی۔ یہ بات قابل غور ہے کہ ایک بار دستیاب اسٹاک ختم ہوجائے تو اس کی سپلائی کی بحالی میں کم از کم تین مہینے لگتے ہیں۔ کاروبار بند ہونے سے جہاں ایک طرف مقامی صنعت ختم ہو جائیگی تو دوسری جانب بیروزگاری میں کئی گنا اضافہ ہو جائیگا۔ سوپ ایسوسی ایشن کا تعارف کراتے ہوئے سہیل رضوی نے کہا کہ یہ پاکستان کی سب سے پرانی اور فعال ٹریڈ ایسوسی ایشن میں سے ایک ہے، جو پاکستان کی ملٹی نیشنل کمپنیوں اور نیشنل کمپنیوں کی نمائندگی کرتی ہے جو کہ مختلف بین الاقوامی اور مقامی برانڈز کے اینٹی بیکٹیریل اور بیوٹی صابن، حفظان صحت اور متعلقہ مصنوعات کی تیاری میں مصروف عمل ہے۔ ایک اندازے کے مطابق سوپ انڈسٹری کے 90 فیصد خام مال دوسرے ممالک سے درآمد کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری مصنوعات بطور خاص کووڈ 19 وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے سب سے مؤثر ذریعہ ہے۔ صابن ایک بہت بنیادی اور انتہائی ضروری چیز ہے۔ خاص طور پر جس طرح پوری دنیا میں کووڈ 19 دوبارہ پھیل رہا ہے، اس کے تدارک کے لئے ہماری مصنوعات انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں صابن کی سپلائی چین میں تسلسل کو یقینی بنانا اتنا ہی اہم ہے جتنا کہ ادویات اور دیگر ضروری مصنوعات۔ سہیل رضوی نے مزید کہا کہ صابن کی صنعت برآمدات میں اپنا اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ سال 2022 کے دوران صابن اور اس سے منسلک مصنوعات کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے۔ L/C کے بند ہونے کی وجہ سے ہماری انڈسٹری اپنی پروڈکشن روکنے پر مجبور ہے اور صورتحال یہ ہے کہ موجودہ اسٹاک کچھ ہفتوں سے زیادہ کی ملکی طلب کو پورا کرنے کے لیے بھی کافی نہیں۔ مندرجہ بالا حقائق کے پیش نظر، ہم وزیر خزانہ اور گورنر اسٹیٹ بینک سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ براہ کرم اس صورت حال میں مداخلت کریں اور پام اسٹرین ایچ ایس کوڈ 1511.9010 (ماہانہ کھپت 12 ہزار میٹرک ٹن) اور لورک ایسڈ ایچ ایس کوڈ 2915.9000 (ماہانہ کھپت 1500 میٹرک ٹن) کی درآمد کے لیے زیادہ سے زیادہ ممکنہ تعاون فراہم کریں۔ اس دونوں خام مال کی درآمدی ویلیو 12 سے 15 ملین ڈالر ہے۔ اس کے علاوہ صابن کے دیگر خام مال بشمول خوشبو کی درآمد کے لئے L/C کھولی جائے اور اس کے ڈاکومنٹس کی ریٹائرمنٹ عمل میں لائی جائے۔
خام مال درآمد نہ ہونے سے انڈسٹری تباہ ہو جائیگی:سوپ مینو فیکچررز
Jan 18, 2023