سابق وفاقی وزیرشیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نام نہاد جمہوریت بے نقاب ہوگئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں سابق وزیر داخلہ نے اسپیکو قومی اسمبلی کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماؤں کے استعفوں کی منظوری پر اپنے خیالات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان نے اسمبلیوں میں جانے کا نام لیا توان کے چھکے چھوٹ گئے اور جو اسپیکر کہتا تھا کہ میں ایک ایک کا استعفیٰ منظور کروں گا اس نے 35 استعفے منظور کر کے نن لیگ کی خوفزدہ قیادت کو بے نقاب کر دیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے 35 ممبروں کا استعفیٰ الیکشن کمیشن سے منظور کروا کے خود کو مزید گندہ بنادیا ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جس طرح ملک تباہی کی طرف جارہا ہے اگر بروقت قدم نہ اٹھایا تو یہ ملک بدنظمی اور معاشی تباہی کی طرف چلا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکمران جو مرضی چال چل لیں حالات کی سنگینی ایسی ہے کہ الیکشن کےسوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک پیغام میں شیخ رشید نے کہا کہ ملک معاشی طور پر دیوالیہ پر پہنچ چکا ہے اور حکمرانوں کو اپنی عیاشیوں سے فرصت نہیں ہے. غریب کی فاقہ کشی حکمرانوں کی موج مستی ملک میں تصادم کرائے گی۔
انہوں نے کہا کہ چند ہفتوں میں سیاست میں ہمہ گیر تبدیلیاں آسکتی ہیں. 13 سیاسی جماعتوں کا بھان متی کا کنبہ اپنی سیاسی موت مررہا ہے اور یہ پاکستان کو بھی اپنی لپیٹ میں لے رہا ہے۔