ممبئی (آئی این پی ) بھارتی ریاست مہاراشٹر کی ہندوتوا حکومت نے اپنی ایک اور متعصبانہ اور اسلام دشمن کارروائی میں مسجدِ طاہرہ اور گلشنِ احمد رضا مدرسے کو شہید کردیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممبئی کی گھاٹ کوپر اندھیری گلی میں پولیس اور بلدیاتی حکام نے سخت سکیورٹی حصار میں ایک مسجد اور ایک مدرسے کو ترقیاتی کاموں کی آڑ میں مسمار کردیا۔ مسجدِ طاہرہ اور گلشنِ احمد رضا مدرسہ 30 سال سے اس علاقے میں قائم ہیں تاہم اچانک ممبئی انتظامیہ نے نوٹس بھیجا کہ یہ دونوں مقامات سڑک کے توسیع کے منصوبے کے درمیان آرہے ہیں۔ دوسری جانب مسجد اور مدرسہ کے ٹرسٹی منصور شیخ نے بتایا کہ مسجد کمیٹی نے لنک روڈ کو چوڑا کرنے کے منصوبے کے دوران ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی سے قانونی تحفظ حاصل کر رکھا تھا۔ تاہم ممبئی میٹروپولیٹن ریجن ڈیویلپمنٹ اتھارٹی نے مسجد کمیٹی کے قانونی موقف اور علاقہ مکینوں کی گزارشات کو کسی خاطر میں نہ لاتے ہوئے مسجد اور مدرسے کو شہید کردیا۔ جس پر مسلم برادری میں غم و غصے کی لہر دوڑ گئی۔
متعصب مودی سرکار کی مسلم دشمنی: ممبئی میں مسجد اور مدرسہ شہید کر دیا
Jan 18, 2024