محسن نقوی کا رنگ روڈ کا دورہ، میجر اسحاق شہید فلائی اوور کا سنگ بنیاد رکھ دیا

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا تفصیلی دورہ کیا اور مراکہ ملتان روڈ سے اڈہ پلاٹ تک آٹھ کلومیٹر طویل پورے روٹ کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے اسفالٹ کا درجہ حرارت اور دیواروں کی تعمیر کے کام کو بھی چیک کیا۔ محسن نقوی نے اسفالٹ کے کام کو تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ وسائل بڑھائے جائیں تاکہ منصوبہ وقت پر مکمل ہو سکے۔ پنجاب حکومت کی پوری ٹیم کی سپورٹ آپ کے ساتھ ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔ آٹھ کلومیٹر طویل سدرن لوپ پراجیکٹ کو ٹریفک کیلئے جلد کھول دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں محسن نقوی نے والٹن روڈ پر ’’میجر اسحاق شہید‘‘ فلائی اوور پراجیکٹ (چیل چوک) کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ وزیراعلیٰ نے پراجیکٹ کو 120 روز سے قبل مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ قینچی، فیروزپور روڈ کی طرف سے آنے والی ٹریفک بآسانی ڈیفنس جا سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی ہیروز اور شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اس منصوبے کو قوم کے ایک بہادر سپوت میجر محمد اسحاق شہید کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ محسن نقوی سے لاہور میں مصنوعی بارش برسانے والی یو اے ای ٹیم کے ارکان نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ یو اے ای کی ٹیم کے اراکین کی نشستوں پر گئے، مصافحہ کیا اور فرداً فرداً سب کا شکریہ ادا کیا اور  تعریفی سرٹیفکیٹ اور یادگاری شیلڈز دیں۔ محسن نقوی نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں مصنوعی بارش برسانے پر یو اے ای کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی ٹیم کی جانب سے مصنوعی بارش برسانے کا کامیاب تجربہ لاہور سمیت پورا پاکستان ہمیشہ یاد رکھے گا۔

ای پیپر دی نیشن