بلا ہم نے نہیں چھینا، کامیاب نہ ہوئے تو عوامی سیلاب کچھ بہا لے جائے گا: شہباز، انتخابی مہم شروع

لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی)  مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف  نے کہا کہ اللہ کی بارگاہ میں پوچھا گیا تو کہوں گا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ سیاست کی قربانی دیدی۔ شہباز شریف نے بیان میں کہا کہ اگر سیاست نہ بچی ریاست بچ گئی تو کوئی افسوس نہیں۔  16 ماہ دن رات محنت کرکے دیوالیہ سے بچا لیا ورنہ پٹرول دور کی بات ایک وقت کی روٹی نہ مل پاتی۔ مہنگائی کا طوفان آتا۔ آئی ایم ایف کے معاہدے کو توڑا گیا۔ ثاقب نثار جو مہرہ تھا اس کے ذریعے نوازشریف حکومت کا تختہ نہ الٹا جاتا تو آج پاکستان شدید معاشی چیلنجز میں گھرا نہ ہوتا۔ نواز شریف پر اسٹیبلشمنٹ کا کندھا استعمال کرنے کا الزام غلط ہے کیونکہ سب نے دیکھ لیا لاڈلہ کون تھا۔ اگر الیکشن میں ہم کامیاب نہ ہوئے تو عوامی سیلاب سب کچھ بہا کر لے جائے گا۔ ہم نفرت کو ختم کرکے قوم کو اکٹھا کریں گے۔ آٹھ فروری کو وہ سفر جسے 2017ء میں ڈنڈے اور بلے سے ختم کیا گیا دوبارہ شروع کریں گے۔ ہم سب سے غلطیاں ہوتی ہیں ہمیں اپنی غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔ بلا چھن گیا تو اس کے قصور وار ہم نہیں ہیں۔ کیا بلا میں نے اور نواز شریف نے واپس لیا ہے۔ انہوں نے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے۔ پوری قوم نے دیکھا کہ دس گھنٹے سپریم کورٹ کی سماعت چلی، وہاں پر دلائل پیش کرتے۔ شیر تو ن لیگ سے چھینا گیا تھا۔ آج بلا ہوتا تو مقابلہ کرتے۔ ایکس پر جاری بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ ایران کی جانب سے پاکستان کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے پر حیران ہوں، یہ حملہ ہماری دوستی کی روح اور اچھی ہمسائیگی کے اصولوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی تعلقات کو نقصان پہنچا سکتا ہے، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے میڈیا نمائندوں سے کہا ہے کہ آٹھ فروری کو عوام پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔ انتخابات کی آمد آمد ہے۔ آٹھ فروری کو عوام اپنے ووٹوں سے فیصلہ کریں گے۔ مسلم لیگ  ن  نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ سازش سے نواز شریف کی حکومت ختم کرکے ترقی کا سفر روکا گیا۔ میری نظر میں یہ انتخابات پاکستان کی تقدیر کا فیصلہ کریں گے۔ پاکستان کے نوجوان ہی سب سے بڑی دولت ہیں۔ نوجوانوں کو ووکیشنل تربیت دلا کر بیرون ملک بھیجیں گے۔  نواز شریف کی قیادت میں لاکھوں بچوں کو اربوں روپے کے تعلیمی وظائف ملے۔ نوجوان نسل کو تعلیم سے آراستہ کریں گے تو چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں گے۔ وہ دن جلد آئے گا جب کشکول ٹوٹ جائے گا۔ نواز شریف کو اکثریت ملی تو پاکستان کی حالت بدلنے کیلئے دن رات ایک کر دیں گے۔ ہم نے الیکٹیبلز  کو بھی ٹکٹ دیئے ہیں اور پارٹی ورکرز کو بھی دیئے  ہیں۔ پارٹی منشور سے متعلق نواز شریف خود قوم کو آگاہ کریں گے۔ نواز شریف میثاق معیشت پر یقین رکھتے ہیں۔ اسی پر عمل ہوگا۔

ای پیپر دی نیشن