لاہور(سپورٹس رپورٹر ) تیسرے ٹی 20 میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 45 رنز سے شکست دے کر 5میچز کی سیریز میں 0-3کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ڈونیڈن میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 28رنز پر گری‘ ڈیون کانوے7رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ فن ایلن نے 62گیندوں پر 137رنز کی اننگز کھیلی‘16چھکے اور 5چوکے لگائے۔ ٹم سیفرٹ 31رنز‘ ڈیرل مچل8‘مارک چیپمین ایک ‘مچل سینٹنر 4اور گلین فلپس 19نے رنز بناسکے ۔نیوزی لینڈ نے7وکٹوں پر 224رنز بنا ئے۔ حارث رف نے4اوورز میں60رنز دیکر 2جبکہ شاہین آفریدی، زمان خان، محمد نواز اور محمد وسیم جونیئر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی بائولرز نے18 چھکے اور12 چوکے کھائے۔ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم7وکٹوںپر 179رنز بناسکی۔ اوپنرز پھر ناکام رہے، صائم ایوب10‘ محمد رضوان 24رنز بناسکے۔ فخر زمان 19‘ اعظم خان10‘ افتخار احمد ایک رن بنا کر واپس لوٹ گئے۔ بابر اعظم نے 37گیندوں پر 58رنز بنائے۔ محمد نواز 28 رنز بناسکے ۔ شاہین آفریدی 16اور محمد وسیم جونیئر ایک رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔ ٹم سائوتھی نے 2، میٹ ہنری، لوکی فرگوسن، مچل سینٹنر اور ایش سوڈھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔فن ایلن کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز کا چوتھا میچ 19جنوری کو کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائیگا۔