ڈیرہ بگٹی: فورسز نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنادیا، ساہیوال، مبینہ تخریب کار گرفتار

Jan 18, 2024

ڈیرہ بگٹی‘ ساہیوال (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی)  حساس ادارے کی نشاندہی پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، سکیورٹی فورسز نے نالے میں چھپایا گیا اسلحہ اور گولہ بارود  برآمد کرلیا۔  سکیورٹی ذرائع  کے مطابق حساس اداروں کی نشاندہی پر ایف سی اور پولیس  نے  پٹوخ روڈ پوہلی نالے میں کارروائی کرتے ہوئے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔ برآمد کیے گئے اسلحے میں بارودی سرنگ، 5 پسٹل بمع رائونڈز، 5 کلو ٹی این ٹی بارود اور ایک ایل ایم جی گن شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق اسلحہ دہشت گردی کی بڑی وارادت  کے لیے چھپایا گیا تھا مگر حساس اداروں کی  نشاندہی پر دہشت گردوں کا منصوبہ ناکام ہوگیا۔ دوسری جانب محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے ساہیوال میں ڈیرہ رحیم روڈ پرکارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم کے مبینہ دہشتگرد کو گرفتار کر لیا۔ سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد کے قبضے سے بارودی مواد، الیکٹرک سرکٹ، بیٹریز، ڈیٹونیٹر برآمد کر لیے۔ سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ دہشت گرد اعجاز احمد ضلع ڈیرہ اسمعیل خان کا رہائشی ہے۔ گرفتار دہشت گرد کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔

مزیدخبریں