ملتان (نوائے وقت رپورٹ) یوسف رضا گیلانی کا پی ٹی آئی رہنما و ملتان میں ان کے سیاسی حریف شاہ محمود قریشی سے متعلق کہا یہ ہے کہ سابق وزیر خارجہ اس انتخابات میں نہیں ہیں اور وہ مجھے یاد کریں گے۔ ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا منشور عوام کی ترجمانی کرے گا۔ آنے والا الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں ہوگا اور ہم مل کر پیپلز پارٹی کو کامیاب کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات بہتر نہیں ہیں، عوام کا بڑا مسئلہ مہنگائی ہے۔ ہم عوام سے سپورٹ لے رہے ہیں اور اس سے باہر نکالنے کا لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں۔ انتخابات کے بروقت انعقاد کے متعلق سوال پر کہا کہ الیکشن کمشن، صدر اور چیف جسٹس کے اعلان کے بعد انتخابات کے انعقاد میں ابہام نہیں ہونا چاہیے۔