اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے پاکستانی نژاد امریکی شخصیت فوزیہ جنجوعہ کو ریاست نیو جرسی کی ٹان شپ ماونٹ لارل کی میئر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ فوزیہ جنجوعہ پہلی مسلمان اور جنوبی ایشیائی خاتون ہیں جو اس عہدے پر فائز ہوئی ہیں ۔ پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی سفیر نے فوزیہ جنجوعہ کے ساتھ ورچوئل ملاقات کے دوران کہا کہ آپ کی کامیابی پورے پاکستان کے لیے باعث فخر اور پاکستان اور امریکادونوں کے لئے خوشی کا باعث ہے۔انہوں نے کہا کہ آپ دونوں ممالک کے درمیان پل کی حیثیت رکھتی ہیں۔ پاکستانی سفیر نے میئر کو مبارکباد دیتے ہوئے امریکی سیاست میں پاکستانی نژاد امریکیوں کے بڑھتے ہوئے کردار پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نژاد امریکی امریکا کے سماجی، اقتصادی اور سیاسی منظر نامے میں بہت بڑا حصہ ڈال رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا انتخاب امریکی سیاسی قیادت میں بڑھتے ہوئے تنوع اور امریکی سیاست کے تانے بانے میں متنوع ثقافتوں کے بڑھتے ہوئے انضمام کی نشاندہی کرتا ہے۔انہوں نے میئر فوزیہ جنجوعہ کو دعوت دی کہ وہ اپنے حلقے کے تاجروں اور کاروباری افراد کے ساتھ پاکستان کا دورہ کریں اور انہیں پاکستانی ہم منصبوں سے جوڑیں۔آپ پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی اور اقتصادی پل بنا سکتے ہیں کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔