پیپکو کے ڈی جی انجینئر محمد خالد کا کہنا ہے پانچ سو میگا واٹ کا اوچ پاور پلانٹ او جی ڈی سی کی جانب سے گیس کی فراہمی معطل ہونے کی وجہ سے بند ہوگیا ہے۔ اس کے علاوہ تین ، تین سو میگا واٹ پیداواردینے والے چشمہ پاور پلانٹ اور حبکو پاور پلانٹ بھی تکنیکی خرابی کی وجہ سے عارضی طور پر بند ہیں ۔ ادھر حبکو پاور پلانٹ کا ایک اور یونٹ بھی سالانہ مرمت کی وجہ سے بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے پیپکو کو بجلی کی پیداوار میں اچانک چودہ سو میگاواٹ کی کمی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ پیپکو کے سربراہ محمد خالد کے مطابق یہ صورتحال کل تک درست ہو جائے گی۔ دوسری جانب صارفین کا کہنا ہے کہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کی حکومت کی تمام کوششیں ناکام ثابت ہو چکی ہیں اور بجلی کی بندش کا سلسلہ بدستور جاری ہے ۔ مختلف شہروں اور دیہی علاقوں میں ایک بار پھر بجلی کی طویل لوڈ شیڈنگ شروع کردی گئی ہے ۔ جس کی وجہ سے لوگوں میں سخت تشویش پائی جاتی ہے ۔