پشاور (ثناءنیوز) سینئر وزیر خیبر پی کے جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبر پی کے کے بجٹ کے لئے خلفائے راشدین کی پیروی کی گئی ہے۔ 162 ارب 96کروڑ روپے سے زائد فلاحی بجٹ کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ موجودہ حکومت نابیناﺅں سمیت معاشرے کے تمام معذور و لاچار طبقوں کی حقیقی بہبود پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لئے بہتر نتائج پر مبنی ٹھوس اقدامات کئے جائیں گے۔ وہ گذشتہ روز پاکستان ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کے ایک وفد سے باتیں کر رہے تھے جس نے صوبائی صدر قاری سعد نور کی معیت میں ان سے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی اور اپنے بعض مسائل و مطالبات سے انہیں آگاہ کیا۔ سراج الحق نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت نے خلفائے راشدین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنا بجٹ ترقیاتی، فلاحی اور انتظامی تین حصوں میں تقسیم کیا ہے۔