اسلام آباد( اے این این ) ”جناب والا سرتاج عزیز تو صدر پاکستان بننے جارہے ہیں“ ،صحافی،ابھی وہ ایوان صدر تو نہیں البتہ کابل جارہے ہیں، ولیم ہیگ “۔ بدھ کی شام دفتر خارجہ میں سرتاج عزیز اور برطانوی وزیرخارجہ ولیم ہیگ کی مشترکہ پریس کانفرنس میں ایک صحافی نے ولیم ہیگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سر آپ کے ساتھ کھڑے جناب موصوف صدر پاکستان بننے جارہے ہیں تو اس پر برطانوی وزیرخارجہ نے برجستگی سے جواب دیا کہ ابھی تو وہ پرسوں کابل جارہے ہیں ایوان صدر تو نہیں۔ میں نے بھی ان کے صدر بننے کی باتیں یہاں آکر سنی ہیں۔ اس موقع پر سرتاج عزیز نے تاہم وضاحت کی کہ پارٹی نے ابھی تک صدر کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ، چار سے پانچ امیدوار موجود ہیں حتمی فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی۔