لاہور (خصوصی رپورٹر) مشیر وزیراعلیٰ پنجاب انرجی اینڈ پاور شاہد ریاض گوندل نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی قیادت میں لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور سستی بجلی کی فراہمی کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائے جا رہے ہیں ان مقاصد کے حصول کیلئے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کے ساتھ ساتھ بجلی کی سپلائی کو بھی جدید بنیادوں پر استوار کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نندی پور ہائیڈرل پاور پراجیکٹ گوجرانوالہ کے دورہ کے موقع پر کیا مشیر وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت پنجاب اس امر کی کوشش کر رہی ہے کہ بجلی کے نئے منصوبوں کے ساتھ ساتھ پہلے سے میسر منصوبوں کی صلاحیت میں مزید اضافے کرتے ہوئے بجلی کی پیداوار میں اضافہ کرکے لوڈ شیڈنگ میں کمی لائی جائے گی۔ پاور منصوبوں پر کارروائی تیزی سے مکمل کرکے ان پر کام شروع کر دیا گیا ہے انہوں نے نندی پور پاور پراجیکٹ کے غآاز میں تاخیر پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس منصوبے میں بلاوجہ رکاوٹ نہ ڈالی جاتی تو یہ منصوبہ مکمل ہوکر اپنی پیداوار شروع کرکے بجلی کا شارٹ فال کم کرنے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہوتا۔