آئی سی او کا غیر آئینی پاکستانی اولمپک کمیٹی کو ماننے سے انکار

آئی سی او کا غیر آئینی پاکستانی اولمپک کمیٹی کو ماننے سے انکار

Jul 18, 2013

لاہور (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے پاکستان میں 5 جولائی کو بننے والی غیرقانونی اور غیرآئینی پاکستان اولمپک کمیٹی کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے بین الاقوامی کھیلوں کی تنظیموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیرقانونی الیکشن میں حصہ لینے والی کھیلوں کی تنظیموں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔ اولمپک موومنٹ کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دے سکتے۔ تازہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ یہ سن کر افسوس ہوا ہے کہ پاکستان میں عارف حسن کی زیرصدارت کام کرنے والی نیشنل اولمپک کمیٹی کو جائز قرار دینے کے باوجود پی او اے کے غیرقانونی انتخابات ہوئے ہیں ۔غیرقانونی تنظیم کی وجہ سے پاکستان میں اگر ایتھلیٹس اور کھیلوں کو نقصان ہوا تو اس کی تمام ذمہ داری اسی غیرقانونی تنظیم پر عائد ہوگی۔ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی اور اولمپک کونسل آف ایشیا پاکستان میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن کے زیر صدارت چلنے والی نیشنل اولمپک کمیٹی کو ہی تسلیم کرتی ہے۔ غیرقانونی تنظیم کا کوئی بندہ یا کھلاڑی کسی بین الاقوامی ایونٹ میں شرکت کرنے کا اہل نہیں ہے۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن خلاف ورزی کرنے والی کھیلوں کی تنظیموں کے خلاف ایکشن لے۔ بین الاقوامی تنظیموں سے درخواست کی جائے گی کہ وہ ایسی تمام تنظیموں اور سربراہان کے خلاف ایکشن لے جو پاکستان میں اولمپک چارٹر کی خلاف ورزی میں مرتکب ہیں۔ ہم چاہیں گے کہ وفاقی وزیر بین صوبائی رابطہ کمیٹی ریاض حسین پیرزادہ پی او اے صدر کے ساتھ لوزان اجلاس میں شرکت کریں تاکہ معاملات کو بہتر طریقے سے حل کیا جا سکے۔

 

مزیدخبریں