پاکستان اپنی سرزمین بھارت کیخلاف دہشتگردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے: وی کے سنگھ

Jul 18, 2014

 نئی دہلی (آئی این پی ) بھارت نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ پرامن اور دوستانہ تعلقات کے قیام کے لئے پرعزم ہے اور پاکستان سے توقع کرتے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین بھارت کے خلاف دہشت گردی کے لئے استعمال نہ ہونے دے گا اور اس حوالے سے اپنے وعدوں کی پاسداری کرے گا۔ جمعرات کو بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ جنرل (ر) وی کے سنگھ نے پاکستان سمیت سارک ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے پروگرام اور حکومتی پالیسیوں کے حوالے سے راجیہ سبھا کو تحریری جواب میں آگاہ کیا بھارت کی خواہش ہے کہ تجارتی تعلقات کو معمول پر لایا اور سیکرٹری تجارت کی سطح پر 2012ء  میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کے عمل کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت پر امن، دوستانہ اور تعاون سے بھرپور دوطرفہ تعلقات قائم  کرنے کے لئے پر عزم ہے اور یہ دہشت گردی اور تشدد کے ماحول سے پاک ہوں۔ وزیر مملکت نے کہا حکومت پر امید ہے کہ پاکستان کے ساتھ اقتصادی، ثقاتی اور سیاسی شعبے میں دوطرفہ تعلقات اسی طرح فروغ پائیں۔ پاکستان کی جیلوں میں 468 بھارتی قید ہیں جبکہ سب سے زیادہ بھارتی سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہیں جن کی تعداد 1400ہے۔ جمعرات کو بھارتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ جنرل(ر) وی کے سنگھ نے لوک سبھاکو بتایا کہ مختلف ممالک میں 5986 بھارتی قید ہیں، ان میں سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب میں ہے جو 1400 ہے، دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات میں 985 اور تیسرے نمبر پر پاکستان میں 468 بھارتی باشندے قید ہیں۔
 نئی دہلی (آئی این پی ) بھارت کی اپوزیشن جماعتوں  نے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر پاکستان کے خلاف سخت ایکشن لے، اتنے فوجیوں کی ہلاکتوں کے بعد وزیر اعظم مودی کیوں پاکستان کے ساتھ مذاکرات پر بضد ہیں، ہم نے پاکستان کو دشمن سمجھ کر اس کے خلاف کارروائی نہ کی تو یہ ہماری سب سے بڑی غلطی ہو گی۔ جمعرات کو سماج وادی پارٹی کے رہنما نریش اگروال نے میڈیا سے گفتگو میں الزام عائد کیا کہ پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، اس لئے بی جے پی کی حکومت اس کے خلاف سخت ایکشن لے، ہم نریندر مودی سے پوچھتے ہیں کہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک بھارتی فوجی ہلاک ہو گیا ہے جبکہ پاکستان کا کوئی نقصان نہیں ہوا۔ نریندر مودی ہمیشہ یہ کہتے ہیں کہ اگر ہماری طرف سے ایک فوجی ہلاک ہوا تو ہم ان کے لاکھوں مار دیں گے، اس کے باوجود کیوں پاکستان کو کھلی چھٹی دی جا رہی ہے، ہم کیوں مذاکرات میں دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں، ہم کیوں سخت اقدام نہیں اٹھاتے۔ بھارتی خبر ایجنسی کے مطابق بی جے پی کے رہنما لوگی ادیاناتھ نے بھی اپنی حکومت سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کو اپنا دشمن ملک سمجھے۔ادیاناتھ نے کہا ہے کہ اگر ہم نے پاکستان کو دشمن سمجھتے ہوئے اس کے خلاف کوئی اقدام نہ اٹھایا تو یہ ہماری بڑی غلطی ہو گی۔ نیشنل کمیونسٹ پارٹی کے رہنما طارق انور نے اسے معمول کے واقعات قرار دیتے ہوئے حکومت سے کہا کہ وہ پاکستان کے ساتھ معاملے کو مذاکرات کے ذریعے حل کرے۔ انہوں نے کہا کہ سیز فائر کے واقعات روزانہ پیش آتے ہیں اور اگر وزیر اعظم کہتے تھے کہ ہم جونہی اقتدار میں آئیں گے تو یہ واقعات  رک جائیں گے، یہ جھوٹ ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ یہ دعوے جھوٹے تھے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہتر ہو گا کہ ہم ایسا نظام بنائیں گے کہ ان معاملات پر بروقت بات چیت ہو جایا کرے اور آئندہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔

مزیدخبریں