لاہور، اوکاڑہ، ساہیوال، سرگودھا (نامہ نگاران+ نیوز ایجنسیاں) رائے ونڈ آپریشن میں ہلاک دہشت گرد کا تعلق اوکاڑہ کے علاقے حجرہ شاہ مقیم سے ہے۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ صبح کے واقعے کے بعد اس کے اہل خانہ گھر چھوڑ گئے۔ احسن محبوب پنجاب یونیورسٹی میں زیر تعلیم تھا۔ این این آئی کے مطابق احسن محبوب لاہور میں القاعدہ کو سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ منظم کر رہا تھا۔ دہشت گردوں کے ساتھی دھماکہ خیز مواد سمیت ہفتہ قبل حجرہ شاہ مقیم سے پکڑے گئے تھے۔احسن محبوب نے میٹرک گورنمنٹ ہائی سکول حجرہ سے کیا اور 952 نمبر لیکر پوزیشن حاصل کی۔ احسن محبوب نے میٹرک لاہور بورڈ کے تحت گورنمنٹ ہائی سکول حجرہ شاہ مقیم سے رول نمبر 712195 کے تحت 2011 میں کیا میرٹ کی بناء پر پنجاب کالج اوکاڑہ سے بغیر فیس ادا کئے ایف ایس سی کی اب لاہور میں بچوں کو ٹیویشن پڑھانے کے علاوہ خود بھی بی ایس سی کررہا تھا اس کے بھائیوں میں آصف، فاروق اوراسامہ جبکہ بہنوں میں اقصی ، آسیہ اور صفیہ شامل ہیں باپ اصغر علی آرائیں المعروف تربت خاں محنت مزدوری کرتا ہے۔ پولیس نے دوسرے دہشت گرد کی شناخت کے لئے نادرا سے مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے اور ڈی این اے ٹیسٹ کروایا جائے گا۔ فنگر پرنٹس لے کر نادرا کو بھجوا دئیے گئے ہیں۔ مکان کی اطراف کی کالز کا ڈیٹا حاصل کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ دہشت گردوں کی دیگر سرگرمیوں اور معاونت فراہم کرنے والے لوگوں کی نشاندہی کے لئے مکان کے اطراف کی کالز کا ڈیٹا حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آپریشن میں شہید سرگودھا سے تعلق رکھنے والے اہلکار صابر علی کی میت آبائی گائوں دھیرو وال لائی گئی جہاں اس کی تدفین کی گئی۔ نماز جنازہ میں بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ این این آئی کے مطابق نواحی گائوں آرائیاں میں دہشت گردوں کے کمپائونڈ سے خواتین، بچوں اور مردوں کے عید کے لئے سلوائے جانے والے نئے کپڑے بھی ملے ہیں جبکہ پولیس نے خواتین اور بچوں کے کپڑے برآمد ہونے کے بعد ان کی بھی تلاش شروع کر دی۔ ثناء نیوز کے مطابق قائم مقام آئی جی پنجاب سرمد سعید نے مختلف ٹی وی چینلز کی جانب سے پنڈ آرائیاں رائے ونڈ میں دہشت گردوں کے خلاف فورسز کے آپریشن کی براہ راست کوریج کرنے پر کہا ہے کہ ایسی کوریج سے فورسز کے لئے مشکلات جبکہ دہشت گردوں کو سپورٹ ملتی ہے۔