اسلام آباد (ایجنسیاں) سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کو تنقید کا نشانہ بنانے پر عمران خان کے خلاف سپریم کورٹ اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہین عدالت کی الگ الگ درخواستیں دائر کر دی گئی ہیں۔ اسلام آباد بار کے صدر کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان ملک کی عدلیہ اور سابق چیف جسٹس کو مسلسل تضحیک کا نشانہ بنارہے ہیں، عمران خان کا یہ رویہ اور ان کے بیانات آزاد عدلیہ پر حملے کے مترادف ہیں اس لئے عدالت عظمیٰ سے اپیل ہے کہ عدلیہ اور سابق چیف جسٹس کی بے توقیری کرنے پر ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔ مولوی اقبال حیدر کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی درخواست دائر کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان عدلیہ اور سابق چیف جسٹس افتخار چودھری کو تضحیک کا نشانہ بنارہے ہیں، اس لئے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور ان کی اسمبلی کی رکنیت معطل کی جائے۔