اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ ایجنسیاں) دفترخارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے کابل ائرپورٹ پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین سے پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیاں فوری طور پر رکوائے۔ دہشت گردوں کے محفوظ ٹھکانے ختم کرے پاکستان اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دے گا۔ پاکستانی صحافی کی گرفتاری کا معاملہ بھرپور طریقے سے افغان حکومت کے سامنے اٹھایا گیا ہے رہائی کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ پاکستان بھارت کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا بات چیت کے ذریعے حل چاہتا ہے۔ مذاکرات میں پیشگی شرائط سے مسائل حل نہیں ہونگے۔ سمجھوتہ ایکسپریس کیس کے واقعہ میں پاکستان کو انصاف ملنا چاہئے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ میں تسنیم اسلم نے افغان صدارتی انتخابات کے حوالے سے کہا کہ پاکستان نے ہمسایہ ملک میں صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں دھوکہ دہی کی شکایات کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کئے جانے کا خیرمقدم کیا ہے۔ پاکستانی صحافی کی گرفتاری کا معاملہ بھرپور طور پر اٹھایا ہے۔ قونصل خانے کی کوششوں سے پاکستانی صحافی پر عائد سنگین الزامات واپس لئے گئے۔ اب ان کی رہائی کے لئے اقدامات کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ فیض اللہ کے معاملے پر افغان حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ پاکستان بھارت کے ساتھ مقبوضہ کشمیر سمیت تمام تنازعات کا بات چیت کے ذریعے حل چاہتا ہے تاہم بھارت کی جانب سے پیشگی شرائط رکھنے سے ایسا نہیں ہو سکتا۔ ممبئی حملہ کیس کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہے۔ سمجھوتہ ایکسپریس کیس میں پاکستان کو انصاف ملنا چاہئے۔ بھارتی رہنما ڈاکٹر کی جماعۃ الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید سے ملاقات دفترخارجہ نے نہیں کرائی بلکہ یہ ملاقات دونوں کی باہمی رضامندی سے ہوئی۔ مختلف ممالک میں پاکستانی سفارتخانے مسئلہ فلسطین کے حل کی کوششیں کر رہے ہیں۔ فلسطین کے حوالے سے دو تین مختلف ٹریکس پر کام کیا جا رہا ہے۔ پاکستان غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے خاتمے کیلئے ہر عالمی کوشش کی حمایت کرتا ہے۔ بار بار کہہ چکے ہیں فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے بدترین دہشت گردی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ دوطرفہ مذاکرات کے احیاء کیلئے کسی قسم کی پیشگی شرائط قبول نہیں کی جائیں گی۔ پاکستان تمام تنازعات کا مذاکرات کے ذریعہ پرامن حل چاہتا ہے۔ بھارت سمجھوتہ ایکسپریس میں دہشت گردی کی واردات کی تحقیقات جلد مکمل کرے اس سے معصوم پاکستانیوں کو نشانہ بنایا گیا ان کے لواحقین انصاف ملنے کے منتظر ہیں۔ ترجمان نے جامع مذاکرات کی بحالی کے بارے میں پیشگی شرائط کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بات چیت کبھی مشروط نہیں ہوتی۔ وزیراعظم نواز شریف مسئلہ فلسطین پر پاکستان کی پالیسی واضح کر چکے ہیں۔ ہم اپنے سفارتخانوں کے ذریعہ اقوام متحدہ کے دفاتر نیویارک اور جنیوا اور او آئی سی کے جدہ سیکرٹریٹ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ معصوم فلسطینیوں خاص طور پر خواتین اور بچوں کا قتل انتہائی افسوسناک ہے۔ سیالکوٹ سیکٹر میں ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی طرف سے بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس سے دو پاکستانی سپاہی زخمی ہو گئے۔ اس اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا گیا۔ ہم افغانستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ خاص طور پر پکتیکا صوبے میں دہشت گردی میں بڑی تعداد میں ہلاک ہونے والے شہریوں کے خاندانوں کے ساتھ ہمدردی رکھتے ہیں۔ پاکستان افغان صدارتی انتخابات کے دوسرے دور میں فراڈ کی شکایات کے معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہوئے خیرمقدم کرتا ہے۔ پاکستانی صحافی فیض اللہ تک قونصل رسائی ممکن بنائی گئی ان کے اہلخانہ سے ان کی ملاقات کرائی ان کے لئے وکیل کا بندوبست کیا گیا ہے۔ افغان وزیرخارجہ اور وزیرداخلہ سے ملاقاتیں کی گئیں ننگر ہار کے گورنر اور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سے اس معاملہ پر بات کی گئی۔ برطانیہ میں پاکستان کے سفارتخانے کے دو اہلکاروں کے خلاف برطانوی فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کی طرف سے وہاں کی پارلیمنٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ مقدمات کا ذکر کیا گیا ہے۔ دونوں اہلکاروں کی بیویاں برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنا چاہتی تھیں۔ شوہروں کی طرف سے انکار کے بعد یہ معاملہ اٹھایا گیا۔ ان اہلکاروں کے نام کا رپورٹ میں تذکرہ نہیں کیا گیا ان میں سے ایک اہلکار کی بیوی نے اپنے شوہر پر بچوں کو اغوا کر کے پاکستان لے جانے کا الزام لگایا۔ یہ خاتون برطانیہ میں سیاسی پناہ حاصل کرنا چاہتی تھیں جس پر ان کے شوہر رضامند نہیں تھے، انکار پر یہ الزمات لگائے گئے ہیں بچوں کو اہلیہ کی رضامندی سے یہ اہلکار پاکستان لائے تھے۔ دوسرے اہلکار کا معاملہ بھی ایسا ہی ہے اس کی بیوی بھی سیاسی پناہ حاصل کرنا چاہتی ہیں جس کیلئے اس نے شوہر پر مقدمہ کرایا۔ ترجمان نے برکس ممالک کی طرف سے متوازی عالم بینک قائم کئے جانے کے فیصلے کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ یہ چند ممالک کا اقتصادی بلاک ہے جس میں بھارت بھی شامل ہے اپنی اقتصادی ترقی کے لئے کوئی بھی اقتصادی گروپ کسی بھی اقدام کو اٹھانے کے مجاز ہیں۔ ترجمان سے سوال کیا گیا کہ ڈرون حملوں پر پاکستان اور امریکہ کے درمیان کسی قسم کا اتفاق پایا جاتا ہے تو انہوں نے اس سوال کا برا منایا اور اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا ڈرون حملوں پر پاکستان کا مؤقف بڑا واضح ہے۔ یوکرائن کے حوالے سے سوال پر ترجمان نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ صورتحال بہتر ہو اور جارحیت نہ ہو۔ بھارتی صحافی ڈاکٹر ویدک کی پاکستان میں وزیراعظم مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز اور جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید کے ساتھ ملاقاتوں کے حوالے سے سوال پر ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم اور وزیرخارجہ سے ملاقاتیں وزارت خارجہ کے ذریعہ ہوتی ہیں لیکن کسی فرد کی پرائیویٹ افراد سے ملاقاتوں کا انتظام دفترخارجہ نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ 2014ء کے بعد بھی امریکہ سے انسداد دہشت گردی تعاون کے حوالے سے کچھ کہنا ابھی قبل از وقت ہے۔ افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کی عمارت کے معاملہ پر سوال میں ترجمان نے کہا کہ یہ معاملہ حل کیا جا رہا ہے۔دریں اثناء برطانوی اخبار انڈی پینڈنٹ کے مطابق دفتر خارجہ نے دو پاکستانی سفارتی اہلکاروں کے بارے میں مبینہ زیادتی اور بچوں کے الزامات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے لندن میں پاکستان ہائی کمشن سے فوری رپورٹ طلب کرلی ہے۔ برطانوی درخواست پر حکومت پاکستان نے جزوی طور پر ایک کیس میں سفارتی استثنیٰ ختم کردیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق برطانیہ میں پاکستانی سفارتی عملے کے 2ارکان پر جرائم میں ملوث ہونے کے الزام پر پاکستانی ہائی کمشن لندن نے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ اس پر پاکستانی ہائی کمشن نے یہ وضاحت کی ہے کہ فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس کا بیان مبہم ہے۔ دونوں ارکان کے جرائم میں ملوث ہونے سے متعلق خبریں مکمل طور پر حقیقت پر مبنی نہیں، ایف سی او کے بیان کے نتیجے میں پاکستان کیخلاف پروپیگنڈا کیا گیا۔ دونوں واقعات خاندانی جھگڑے کا شاخسانہ تھے۔ فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس سے بات کر رہے ہیں۔ ویانا کنونشن کے تحت ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں۔
دفترخارجہ