سیالکوٹ (نامہ نگار) بھارتی سکیورٹی فورسز نے مقبوضہ کشمیر سے ملحقہ سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری کے چاروا سیکٹر پر مسلسل دوسرے روز بھی بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی ہے۔ بھارتی سکیورٹی فورسز کے مارٹر گولے پاکستانی دیہاتوں میں بھی گرے ہیں جبکہ پاکستان چناب رینجرز نے بھارتی فائرنگ وگولہ باری کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز کے برسائے گئے ماٹر گولے پاکستانی دیہاتوں میں گرے تاہم کوئی جانی ومالی نقصان نہیں ہوا لیکن بھارتی فائرنگ وگولہ باری کی وجہ سے پاکستانی سرحدی دیہاتوں میں خوف وہراس پایا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی سکیورٹی فورسز نے ایک روز قبل فائرنگ وگولہ باری شروع کی تھی جووقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ بھارتی فائرنگ وگولہ باری کی زد میں آکر پاکستان چناب رینجرز کے دو اہلکار زخمی ہوئے تھے جبکہ پاکستان چناب رینجرز نے بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ وگولہ باری پر فلیگ میٹنگ کا مطالبہ بھی کیا تھا جس کا بھارتی سکیورٹی فورسز نے کوئی جواب نہیں دیا ہے۔ ایک سوپانچ کلو میٹر لمبی سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن پر بھارتی سکیورٹی فورسز نے خار تار دار تاریں، سینکڑوں کی تعداد میں ٹاور اور چوکیاں قائم کر رکھی ہیں۔
بھارتی فورسز کی چاروا سیکٹر پر دوسرے روز بھی بلااشتعال فائرنگ، پاکستان کا منہ توڑ جواب
Jul 18, 2014