لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ عیدالفطر کے اس پُرمسرت موقع پر ہمیں میانمار، کشمیر، فلسطین اور دنیا کے دیگر خطوں کے مظلوم مسلمانوں کو نہیں بھولنا چاہئے اور ایسی زبردست تحریک اٹھانی چاہئے کہ جس سے سابق فلسطین اور کشمیر سمیت تمام مقبوضہ علاقوں کو آزادی ملے، آئندہ سب مسلمان آزادی کی عید منائیں اور اللہ کے دین کو اپنے ملکوں میں نفاذ کر سکیں۔ عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ امت مسلمہ اس وقت شدید مشکلات سے دوچار ہے۔ میانمار، کشمیر اور فلسطین میں ظلم و ستم کی انتہا کر دی گئی ہے۔ بھارت میں بھی مسلمانوں کو جگہ جگہ مسلم کش فسادات کا سامنا ہے، مساجد و مدارس پر حملے کئے جا رہے ہیں۔ ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مظلوم مسلمانوں کی ہرممکن مدد و حمایت کی جائے تاکہ ان کی عزتیں و حقوق محفوظ ہو سکیں۔ علاوہ ازیں جامع مسجد القادسیہ میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حافظ سعید نے کہاکہ پاکستان میں دھماکے اور مسلمانوں کو آپس میں لڑانا بیرونی قوتوں کی خوفناک سازش ہے، فرقہ وارانہ قتل و غارت گری نے مسلم اُمہ کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔ کلمہ طیبہ کے نام پر حاصل کیا گیا ملک اللہ تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے۔ اس کا تحفظ ہم سب پر فرض ہے۔ کشمیر، میانمار اور فلسطین اسلام دشمن قوتوں کی منت سماجت سے نہیں ملیں گے، مسلم حکمران اغیار کی غلامی کی بجائے مظلوم مسلمانوں کی عزتوں و حقوق کے تحفظ کیلئے کردار ادا کریں۔ کارکن ملک کے کونے کونے میں جاکر دین اسلام کی دعوت پیش کریں۔ انہوں نے کہاکہ مسلمانوں کی سیاست، معیشت و معاشرت سمیت ہر عمل سیرت رسول کے مطابق ہونا چاہئے۔ علوم و فنون سیکھنا بُری بات نہیں ہے مسلمانوں کو کفار کا کلچر وثقافت اختیار نہیں کرنا چاہئے۔ حکمرانوں کو امریکہ ، بھارت اور یورپ سے دوستی کی بہت فکر ہے لیکن قرآن کی تعلیمات پر عمل کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔وہ بیرون ممالک جا کر بھی اسلام کی نمائندگی کا حق ادا نہیں کر رہے۔ ہر شخص کو اس بات کا محاسبہ کرنا چاہئے کہ ہم نے اس رمضان المبارک سے کیا حاصل کیا ہے؟ جماعة الدعوة انڈونیشیا میں ہجرت کرکے آنے والے برمی مہاجرین کی بھرپور امداد کر رہی ہے۔
حافظ سعید